راجیہ سبھا انتخابات کے لیے کانگریس کا سینئر لیڈر شرد پوار کی امیدواری کی حمایت کا اعلان: ہرش وردھن سپکال
ممبئی: مہاراشٹر میں ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کے سلسلے میں کانگریس پارٹی نے سینئر سیاسی لیڈر شرد پوار کی امیدواری کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ راجیہ سبھا کی سات نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات میں مہاوکاس اگھاڑی کو ایک نشست پر انتخاب لڑنا ہے اور اس نشست کے لیے کانگریس پارٹی نے شرد پوار کی امیدواری کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
ممبئی کے گاندھی بھون میں راشٹروادی کانگریس (شرد پوار) کی ورکنگ صدر اور رکن پارلیمنٹ سپریہ سُلے نے کانگریس کے سینئر لیڈروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال، قانون ساز اسمبلی میں کانگریس کے لیڈر وجے ویڈیٹی وار، قانون ساز کونسل میں کانگریس کے گروپ لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل، ریاستی نائب صدر موہن جوشی اور راشٹروادی کانگریس کے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ سمیت دیگر لیڈران موجود تھے۔
اس ملاقات کے بعد منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ راجیہ سبھا کی اس نشست کے لیے کانگریس کی خواہش تھی کہ پارٹی کو امیدوار کھڑا کرنے کا موقع ملے، مگر پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد شرد پوار کی امیدواری کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھرگے، لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے تفصیلی گفتگو کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
سپکال نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی کے اتحاد کو مضبوط رکھنے اور مشترکہ سیاسی حکمت عملی کے تحت کانگریس پارٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اتحاد کے تمام شریک پارٹیوں کے درمیان ہم آہنگی برقرار رکھنے کے مقصد سے کانگریس نے شرد پوار کی امیدواری کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر راشٹروادی کانگریس کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سُلے نے شرد پوار کی امیدواری کو حمایت دینے پر کانگریس اور مہاوکاس اگھاڑی میں شامل تمام پارٹیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے ذریعے اتحاد کے تمام شریک پارٹیوں نے مشترکہ طور پر ایک متفقہ امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
MPCC Urdu News 04 March 26.docx