ابوظہبی میں حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے ایک ڈرون کو مار گرایا گیا جس کے بعد اس کے ملبے اور ٹکڑے لگنے کے باعث شہر کے دو مختلف مقامات پر چھ غیر ملکی شہری زخمی ہوئے جن میں پاکستانی اور نیپالی شہری شامل ہیں۔ تاہم دوسری جانب بی بی سی ویریفائی نے ایسی ویڈیوز کا جائزہ لیا ہے کہ جن میں آذربائیجان کے نخچیوان علاقے کے ایک ہوائی اڈے پر مبینہ ایرانی ڈرون حملے دکھائے گئے ہیں۔
ابوظہبی میں تباہ ہونے والے ڈرون کے ٹکڑے لگنے سے پاکستانی اور نیپالی سمیت چھ شہری زخمی
ابوظہبی میں حکام کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس بات کا اظہار کیا گیا ہے کہ ’فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ایک ڈرون کو مار گرایا گیا جس کے بعد اس کے ملبے اور ٹکڑے لگنے کے باعث شہر کے دو مختلف مقامات پر چھ غیر ملکی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔‘
ابوظہبی میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا ’اس واقعے کے نتیجے میں چھ پاکستانی اور نیپالی شہریوں کو معمولی اور درمیانے درجے کی چوٹیں آئیں ہیں۔‘
امریکہ اور اسرائیل جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں: ایرانی وزارتِ خارجہ کا دعویٰ
ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکہ اور اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے حملوں میں جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ’یہ حملے عالمی منڈیوں کو متاثر کر رہے ہیں، جس کے باعث توانائی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، کرنسیاں عدم استحکام کا شکار ہو رہی ہیں اور دنیا بھر میں بسنے والے عام لوگوں کی قوتِ خرید بُری طرح متاثر ہو رہی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’لیکن ہمارے لیے یعنی ایرانیوں کے لیے اس کی قیمت ناقابلِ بیان حد تک زیادہ ہے۔ ہمارے لوگوں کو بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے کیونکہ حملہ آور جان بوجھ کر شہری علاقوں اور ایسی جگہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ تکلیف اور جانی نقصان ہو سکے۔‘
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کی بیلسٹک میزائل صلاحیت اور جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔