رابوڑی فرینڈس سرکل ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام یومِ جمہوریہ کی پروقار تقریب

تھانے (آفتاب شیخ)
رابوڑی فرینڈس سرکل ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ انتظام جاری شفیع برونڈکر پرائمری اردو اسکول اور رابوڑی فرینڈس سرکل اردو ہائی اسکول میں یومِ جمہوریہ کی تقریب نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منائی گئی۔ پروگرام کی صدارت ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین محمد متین شیخ نے کی، جبکہ پرچم کشائی کی رسم ادارے کے جنرل سیکریٹری عبدالسعید شیخ کے ہاتھوں انجام پائی۔ اس موقع پر نومنتخب کارپوریٹرز سہاس دیسائی، وحیدہ خان اور پونم مالی بطور مہمانِ اعزازی شریک ہوئے، جن کی آمد سے تقریب کی رونق میں اضافہ ہوا۔ ادارے کی جانب سے تینوں نومنتخب کارپوریٹرز کا گل پوشی کے ذریعے پرتپاک استقبال کیا گیا۔طلبہ میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے ہفتم جماعت کی طالبہ شیخ رقیہ اور ہشتم جماعت کی طالبہ فردوس نیاز نے یومِ جمہوریہ کی اہمیت پر مدلل اور پُراثر تقاریر پیش کیں۔ حکومت کی ہدایات کے مطابق طلبہ نے دیش بھگتی گیتوں پر شاندار ڈرل (Drill) کا مظاہرہ بھی کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری عبدالسعید شیخ نے طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں محمد متین شیخ نے دستورِ ہند کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے آئین کی تشکیل اور جنگِ آزادی میں مسلمانوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اسلاف کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہ کریں اور جس طرح ہمارے بزرگوں نے ملک کی آزادی، امن اور سلامتی کے لیے جدوجہد کی، اسی طرح ہمیں بھی تعلیم کو اپنا ہتھیار بنا کر وطنِ عزیز کی حفاظت، امن و امان اور ترقی کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہنا چاہیے۔ نظامت کے فرائض ارم صبا مس نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے، جبکہ ہائی اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر نصیب الدین مُلّا نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا- تقریب میں بطور مہمانانِ خصوصی ادارے کے نائب صدور عاصم شیخ اور حمید اللہ شیخ کے علاوہ اراکینِ سوسائٹی کبیرالدین شیخ، عاطف شیخ، عبدالحئی شیخ، شیرو قریشی، مختار شیخ، انیس گھاؤٹے، ضیاء اعظمی، بلال قریشی، رمیز گھاؤٹے، نائب سکریٹری دانش منصوری اور محسن شیخ بھی موجود تھے۔ پروگرام کی کامیابی میں پرائمری سیکشن کی ہیڈ مسٹریس فرحانہ شیخ سمیت ہائی اسکول اور پرائمری سیکشن کے تمام اساتذہ کا اہم کردار رہا۔ تقریب کا اختتام وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔