دہلی الیکشن میں زبردست کامیابی کے بعد کیجریوال کی پی ایم مودی سے پہلی ملاقات آج

دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال منگل کو تقریباً 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ گزشتہ ماہ وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لینے کے بعد اروند کجریوال اور وزیر اعظم مودی کی یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں رہنما جب ملاقات کریں گے تو دہلی میں گزشتہ ہفتہ ہونے والے تشدد پر بات چیت ہوگی۔ اس تشدد میں 47 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ چونکہ شمال مشرقی دہلی میں تشدد کی وجہ سے کافی نقصان ہوا ہے اور پولس کی کارروائی پر بھی سوالیہ نشان لگے ہیں، اس لیے اروند کیجریوال کچھ اہم باتیں پی ایم نریندر مودی کے سامنے رکھ سکتے ہیں۔


قابل غور ہے کہ اس سے پہلے اروند کجریوال نے 19 فروری کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات کے دوران دہلی کی ترقی کے تعلق سے بات چیت ہوئی تھی۔ اروند کیجریوال نے ملاقات کے بعد میڈیا سے کہا تھا کہ انھوں نے مرکز کے ساتھ مل کر دہلی کی ترقی کے لیے کام کرنے کا عزم کیا ہے۔ لیکن اس ملاقات کے کچھ ہی دن بعد شمال مشرقی دہلی میں تشدد کے واقعات شروع ہو گئے تھے۔ بعد ازاں امت شاہ نے کئی اعلیٰ افسران کی میٹنگ طلب کی تھی جس میں اروند کیجریوال بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد کیجریوال نے عوام سے امن بحال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ سبھی مل کر دہلی کا ماحول بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading