ترواننت پورم: کیرالہ میں دو خواتین کے قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس قتل عام میں بلی دینے کے معاملے کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔
کوچی پولیس کمشنر نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ ملزم جوڑے نے ان خواتین کا گوشت بھی کھایا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پولیس نے کل تین ملزمان مساج تھراپسٹ بھگونت سنگھ، ان کی بیوی لالی اور ان کے ایجنٹ محمد شفیع کو گرفتار کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم جوڑے نے تنتر منتر کے ذریعے پیسہ اور شہرت حاصل کرنے کے لیے انسانی قربانیاں دیں۔
خود اس کا ایجنٹ شفیع ہی ان دونوں خواتین کولالچ دے کرملزم کے گھر لایا تھا جہاں انھیں قربان کر کے سپرد خاک کر دیا گیا۔
اس واقعے کے بعد پولیس گزشتہ چند دنوں سے لاپتہ ہونے والے افراد کے معاملے کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔ کوچی کے پولیس کمشنر ناگاراجو چاکیلاگ نے این ڈی ٹی وی کو بتایا، "ہمارے پاس اس بات پر یقین کرنے کے لیے کافی ثبوت نہیں ہیں۔
فارنسک جانچ اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل آج بھی جاری رہے گا۔” ملزم کو پاگل اور سائیکو پیتھ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرم کا بنیادی مقصد جنسی لذت معلوم ہوتا ہے۔ روسلین اور پدما کو باندھ کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ ان کے جسم کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر اس کا کچھ حصہ دفن کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ یہ انسانی قربانی مالی پریشانیوں کو ختم کرنے کے لیے دی گئی تھی۔پولیس نے بتایا کہ روزلین جون میں اور پدما ستمبر میں لاپتہ ہوئی تھیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مساج تھراپسٹ بھگونت سنگھ اور ان کی اہلیہ نے پوچھ گچھ کے دوران انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مقتولین کا گوشت بھی کھایا۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ جوڑے اور ان کے ایجنٹ کو 26 اکتوبر تک پولیس کی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس پدما کے لاپتہ ہونے کی تحقیقات کر رہی تھی جب اسے ان قتلوں کے بارے میں پتہ چلا۔ خواتین کے فون ایجنٹ محمد شفیع کے پاس ملے، جس نے دوران تفتیش اغوا کا اعتراف کیا۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ لاپتہ خواتین کے سلسلے میںہماری تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ تھرو والا میں جوڑے کے گھر پر ان کا قتل کیا گیا تھا اور لاش کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے دفن کیا گیا تھا۔ یہ مالی فائدے کے لیے انسانی قربانی کا معاملہ تھا۔ ملزمان کو منگل کو گرفتار کیا گیا۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر پرکاش جاوڈیکر نے دونوں خواتین کی قربانی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کیرالہ کی سی پی آئی (ایم) کی قیادت والی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم بڑھ رہے ہیں۔