دفعہ 370 کی منسوخی سے کشمیر میں دہشت گردی کے راستے بند

دفعہ 370 کی منسوخی سے کشمیر میں دہشت گردی کے راستے بند

سردار پٹیل کی یوم پیدائش پر دہلی میں دوڑ کا اہتمام ، امیت شاہ کا خطاب
نئی دہلی ۔31اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ جموں کشمیر میںآرٹیکل 370 اور 35 A کی منسوخی سے وادی میں دہشت گردی کے راستے بند ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا ماباقی ملک سے الحاق کا سردار ولبھ بھائی پٹیل کا ادھورا خواب 5 اگست کو اس وقت پورا ہوگیا جب جموں و کشمیر میں دفعہ 370 اور 35 Aکو منسوخ کردیا گیا ۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 144 ویں یوم پیدائش پر دہلی میں ایک یادگار دوڑ کو جھنڈی دکھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ مذکورہ دفعہ ہندوستان میں دہشت گردی کے داخلہ کا راستہ تھی لیکن وزیراعظم نریندر مودی نے اس کو منسوخ کرتے ہوئے ملک میں دہشت گردی کے راستہ کو بند کردیا ۔ یہاں یہ تذکرہ ضروری ہے کہ امیت شاہ نے ہی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دفعہ 370 کی منسوخی کیلئے قرارداد پیش کی تھی ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ دفعہ 370 ملک کی یکجہتی کے عمل میں رکاوٹ بن گئی تھی اور کوئی بھی اس مسئلہ پر بات کرنا نہیں چاہ رہا تھا ۔ تاہم 5 اگست کو سردار پٹیل کا یہ خواب پورا ہوگیا ۔ انہوں نے کہاکہ کئی برسوں تک سردار پٹیل کو وہ عزت نہیں دی گئی جس کے وہ مستحق و حقدار تھے ۔ پٹیل کو نہ صرف نظرانداز کیا گیا بلکہ ان کو بھلانے کی تک کوشش کی گئی ۔ سردار پٹیل کو بھارت رتن نہیں دیا گیا ۔ گجرات کے چیف منسٹر بننے کے بعد نریندر مودی نے پٹیل کے احترام کا عمل شروع کیا ۔ گجرات کے کیواڈیا میں ’’ اسٹیچو آف یونیٹی ‘‘ کی تنصیب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم نریندر مودی کی کوششوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحد ہندوستان سردار پٹیل کی کوشش کا نتیجہ ہے جن کو آج یاد کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم میں بھاری تعداد میں لوگ جمع تھے جو سردار پٹیل کی فوٹو والے ٹی شرٹس زیب تن کئے ہوئے تھے اور انہوں نے دوڑ میں بھی حصہ لیا ۔ امیت شاہ نے سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو بھی خراج عقیدت پیش کی جن کی آج برسی ہے ۔

Read More – یہ ایک سینڈیکیڈیڈ فیڈ ہے ادارہ میں اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. بشکریہ سیاست ڈاٹ کام-

Leave a comment