پنچکولہ: ہریانہ پولیس نے جبراً گھر میں گھس کر دو خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے معاملہ میں اپنے ہی ایک انسپکٹر جنرل (آئی جی) کے خلاف کیس درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔

لائیو ہندوستان ڈاٹ کام پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ہریانہ پولیس کے آئی جی ہیمنت کلسن کو جمعہ کی شب پنچکولہ کے پنجور علاقہ میں گھر میں گھس کر دو خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کو دی گئی اپنی شکایت میں ایک خاتون نے کہا ہے کہ 55 سالہ کلسن نے جمعہ کی رات ان کے گھر میں گھس کر اس کے اور اس کی بیٹی کے ساتھ بدسلوکی کی۔ خاتون نے کہا کہ اس کی بیٹی کے ساتھ مار پیٹ بھی کی گئی۔ دوسری شکایت میں رتہ پور کالونی کے رہائشی ستیندر سنگھ نے بتایا کہ کلسن نے جمعہ کی شب ان کے گھر میں گھس کر ان کے ساتھ مار پیٹ کی۔
پولیس نے دونوں شکایات کی بنیاد پر آئی جی ہیمنت کلسن کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور انہیں ہفتے کے روز گرفتار کر لیا۔ 55 سالہ ہیمنت کلسن کا، جو اس وقت پنچکولہ میں آئی جی ہوم گارڈز کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، تنازعات سے دیرینہ ناطہ ہے۔ اس سے پہلے بھی اس کے خلاف متعدد بار کارروائی کی جا چکی ہے۔