سعودی عرب میں مقدس مقامات پر سڑکوں اور اسفالٹ کی سطحوں کو ٹھنڈا کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیا گیا ہے۔ اس عمل کا آغاز جمرات میں رمی کے علاقے سے کیا گیا۔یہ تجربہ سعودی پبلک روڈز اتھارٹی، بلدیات، دیہی امور اور وزارت ہاؤسنگ اور متعدد متعلقہ حکام کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ریاض کے مختلف علاقوں میں چند ماہ قبل اس ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔ نئی تیار کردہ ٹیکنالوجی کا مقصد دن کے وقت سڑکوں سے جذب ہونے والی گرمی کو کم کرنا ہے۔کنکریٹ کی سڑکیں دن بھر سورج کی شعائیں جذب کرتی ہیں۔ بعض اوقات یہ درجہ حرارت 70 ڈگری سیلسیس کی بلند سطح تک پہنچ جاتا ہے، سڑکیں جو گرمی دن بھر جذب کرتی ہیں وہ رات کو خارج ہوتی ہے، جو ایک سائنسی رجحان کا سبب بنتا ہے جسے "ہیٹ آئی لینڈ فینومینن” کہا جاتا ہے جس سے گرمی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی "ٹھنڈے فرش” کا استعمال کرتی ہے، جو کم شمسی شعاعوں کو جذب کرتی ہے اور زیادہ تر کو منعکس کرتی ہے، اس طرح سڑکوں کی سطح کا درجہ حرارت روایتی سطح کے مقابلے میں کم ہوتا ہے اور گرمیوں کی راتوں میں درجہ حرارت بہت زیادہ معتدل ہوتا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی رہائشی آبادی والے علاقوں کی سڑکوں کے لیے تیار کی گئی ہے، جس میں بس اسٹاپس اور میٹرو پر انتظار کے مقامات اور رہائشی علاقوں میں پیدل چلنے کے علاقے شامل ہیں۔