ناندیڑ: پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش ،بھاگیہ نگر پولیس نے تین ملزمان کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا

ناندیڑ، 19 جون:(ورق تازہ نیوز) ناندیڑ شہر میں جرائم پر قابو پانے کے لیے لگائی گئی ناکہ بندی کے دوران ایک کار سوار نوجوانوں نے پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کرتے ہوئے سرکاری فرائض میں رکاوٹ پیدا کی۔ واقعہ کے بعد بھاگیہ نگر پولیس نے فوری تعاقب کرتے ہوئے تین ملزمان کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا، جبکہ ایک ملزم کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ جناب اویناش کمار کی ہدایت پر شہر بھر میں جرائم کی روک تھام کے لیے باقاعدہ ناکہ بندی کی جا رہی ہے۔

اسی سلسلے میں 18 جون کی رات 11 بجے سے 19 جون کی صبح 3 بجے تک راج کارنر، ناندیڑ میں ناکہ بندی جاری تھی۔رات تقریباً 11:45 بجے ایک سیاہ رنگ کی ہیرئیر کار (MH-26-CV-9898) کو تلاشی کے لیے روکا گیا، تاہم گاڑی کے ڈرائیور اور اس کے ساتھیوں نے پولیس انسپکٹر سنتوش تامبے اور دیگر اہلکاروں کے ساتھ بحث و تکرار شروع کر دی اور سرکاری کام میں رکاوٹ پیدا کی۔

پولیس کے مطابق کار ڈرائیور نے جان بوجھ کر اپنی گاڑی پولیس اہلکاروں کی جانب موڑتے ہوئے انہیں کچلنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر جاوید شیخ (پولیس اسٹیشن مکھیڑ) زخمی ہو گئے۔ ملزمان نے فرار ہونے کے دوران آئی ٹی آئی چوک پر نصب پولیس بیریکیڈ بھی توڑ دیے، جس سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔واقعہ کے فوراً بعد پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا اور گوردوارہ علاقے کے قریب گاڑی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت ترنجیت سنگھ امریپ سنگھ بل (19)، امرندر سنگھ کلپرتاپ سنگھ کپور (19) اور ہرشدیپ سنگھ نریندر سنگھ سکھئی (19) کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ چوتھے ملزم پرویندر سنگھ عرف انگد نہنگ کی تلاش جاری ہے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کی ہیرئیر کار ضبط کر لی ہے۔ملزمان کے خلاف سرکاری فرائض میں مداخلت، جان سے مارنے کی کوشش، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور موٹر وہیکل ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مزید تفتیش سب انسپکٹر بالاجی مہاجن کر رہے ہیں۔اس کامیاب کارروائی پر پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے بھاگیہ نگر پولیس اور کارروائی میں شامل تمام افسران و اہلکاروں کی ستائش کی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading