رانچی،22ستمبر(یو این آئی)جھارکھنڈانسداد دہشت گردی دستے(اے ٹی ایس) نے جمشیدپور ریلوے اسٹیشن سے دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والے ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔اے ٹی ایس کی پولیس افسر اے وجے لکشمی نے آج یہاں بتایا کہ مشتبہ دہشت گرد محمد کلیم الدین کو اے ٹی ایس نے جمشید پور ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اس کے تار القاعدہ سے جڑے ہیں ۔پوچھ گچھ میں مزید انکشافات ہوں گے۔ پولیس کلیم الدین کو گذشتہ تین سال سے ڈھونڈ رہی تھی۔
وہیں اے ڈی جی پی مراری لال مینا نے بتایا کہ گرفتار مشتبہ دہشت گرد محمد عبد الرحمن علی خان عرف حیدر عرف مسعود عرف کتکی کا قریبی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کلیم الدین عوام کو مبینہ جہاد میں شامل ہونے کے لیے ترغیب دیتا تھا۔ ساتھ ہی نوجوانوں کی دہشت گرد تنظیم میں شامل کرنے اور بیرون ملک ان کی ٹریننگ کا انتظام کرتا تھا۔
مسٹر مینا نے بتایا کہ کلیم الدین کی ہی طرح کتکی کو بھی جمشید پور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ کلیم الدین مانگو کے آزاد نگر کا باشندہ ہے اورا س کی گرفتاری کے لیے پولیس گذشتہ تین برس سے کوشش کررہی تھی۔ کلیم الدین کے خلاف جمشید پور میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔
غورطلب ہے کہ قبل ازیں کلیم الدین کے مکان اور جائداد کی قرقی کی جاچکی ہے۔ وہ دہشت گردانہ منصوبوں کو پورا کرنے کے لیے مغربی بنگال کے آسن سول اور کولکاتا کے ساتھ ہی گجرات، ممبئی، اترپردیش، سعودی عرب، افریقہ اور بنگلہ دیش کا سفر کرتا رہا ہے۔