جلد از جلد ترکیہ چھوڑ دیں’: اسرائیل کی اپنے شہریوں کو ہدایت

ایک قونصلر ترجمان نے بدھ کو اے ایف پی کو تصدیق کی کہ غزہ کی پٹی میں ایک ہسپتال پر مہلک حملے کے بعد انتقامی حملوں کے خدشے کے پیشِ نظر اسرائیل نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ فوراً ترکیہ چھوڑ دیں۔

اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل نے منگل کو دیر گئے اعلان کیا کہ "ترکیہ میں مقیم تمام اسرائیلیوں کو جلد از جلد وہاں سے چلے جانا چاہیے۔”

ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا، "میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ قومی سلامتی کونسل کی ترکیہ کے لیے سفری تنبیہ کو بڑھا کر 4 کر دیا گیا ہے جو اعلیٰ ترین سطح ہے۔”

اسرائیل اور فلسطینیوں نے ایک دوسرے پر غزہ کے ہسپتال پر حملے کا الزام لگایا جس سے خطے میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں کی ایک لہر شروع ہو گئی ہے۔

اس حملے کی مذمت کے لیے استنبول اور دارالحکومت انقرہ میں ہزاروں افراد نے اسرائیل کے سفارتی مشن کے باہر احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔

گورنر کے دفتر نے بتایا کہ ترک پولیس نے استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے میں گھسنے کی کوشش کرنے والے پانچ مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

مسئلۂ فلسطین کے حامی ترک صدر رجب طیب اردگان نے اسرائیل پر "خواتین، بچوں اور معصوم شہریوں کو پناہ دینے والے ہسپتال پر حملہ کرنے” کا الزام عائد کیا اور دنیا پر زور دیا کہ وہ غزہ میں ہونے والے المیے کو روکے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading