تھانے میں صفائی کا بحران: نائب وزیر اعلیٰ اپنے ہی حلقے کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام؟سابق رکن پارلمینٹ راجن وچارے کی سخت تنقید، میونسپل کمشنر سے فوری اقدام کا مطالبہ
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے شہر، جو کبھی اپنی جھیلوں کے لیے مشہور تھا، اب کچرے کے ڈھیر کی وجہ سے بدنام ہو رہا ہے۔ ماضی میں صفائی کے لیے ایوارڈ حاصل کرنے والا یہ شہر اب گندگی اور ناقص بلدیاتی انتظامات کا شکار ہے۔ شیوسینا (ٹھاکرے گروپ) کے لیڈر راجن وچارے نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ وہ اپنے ہی حلقے میں کچرے کا مسئلہ حل نہیں کر سکے۔ عیاں ہوں کہ راجن وچارے تھانے میونسپل کارپوریشن کے میئر، تھانے شہر کے رکن اسمبلی اور تھانے کے رکن پارلمینٹ رہ جکے ہیں۔
ٹھاکرے گروپ کے رہنماؤں نے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ سے ملاقات کی اور شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔ وچارے نے کہا کہ تھانے کے عوام گزشتہ تین سالوں سے مختلف مسائل کا شکار ہیں، جن میں پانی کی قلت، کرائے کی عمارتوں میں رہنے والے شہریوں کی مشکلات، ڈمپنگ گراؤنڈ کی کمی، جعلی بلنگ، غیر قانونی تعمیرات اور بلدیاتی افسران کی نااہلی شامل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمشنر اس معاملے پر فوری توجہ دیں۔
اس موقع پر شیوسینا ضلع پرمکھ کیدار دیگھے، لوک سبھا سکریٹری سریش موہتے، رابطہ سربراہ نریش منیرا، شہر پرمکھ پردیپ شندے، ترجمان انیش گادھوے، کوآرڈینیٹر سنجے ترے، شہر نائب پرمکھ وسنت گوالے، سچن چوان، پردیپ واگھ، پرشانت ساتپوتے، لہو ساونت، سنجے بھبھوئی ونود یادو، راجندر مہاڈک، رامیشور بچاٹے، پپو اٹھوال، یواسینا کے نتیش پاٹل، سنندا دیشپانڈے، مہیشوری ترے، پرمیلا بھانگے، شوبھا گراندے اور دیگر شیوسینا عہدیدار اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
تھانے شہر میں قتل، ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حال ہی میں ٹیمبھی ناکہ کے قریب چرئی علاقے میں چوروں نے ایک ہی رات میں 14 دکانوں کے تالے توڑ دیے، جس سے تاجروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
راجن وچارے نے دعویٰ کیا کہ شہر میں پولیس فورس کی کمی کے باعث عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، جبکہ شندے گروپ کے عہدیداروں کو اضافی سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر تھانے پولیس کمشنر سے ملاقات کی اور جرائم پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔