تلنگانہ کے سنگا ریڈی ضلع کے پاشا میلارام صنعتی علاقے میں پیر کی صبح ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں واقع سیگاچی کیمیکل فیکٹری میں زوردار دھماکہ کے بعد شدید آگ لگ گئی۔ فیکٹری کے ری ایکٹر میں دھماکہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلوں نے پوری فیکٹری کو اپنی زد میں لے لیا۔ حادثے میں اب تک 10 مزدوروں کی موت کی خبر ہے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں کچھ مزدوروں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنائی دی اور فیکٹری کے آس پاس کے علاقوں میں دہشت کا ماحول قائم ہو گیا۔ مزدور خوف و دہشت سے اِدھر اُدھر بھاگنے لگے۔ چشم دیدوں کے مطابق دھماکہ کی وجہ سے کئی مزدور 100 میٹر تک دور جا گرے۔ یہ دھماکہ صبح 9 بجے ہوا۔
دھماکہ کی اطلاع ملنے کے بعد فوری طور پر فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ اس دوران 108 ایمبولنس اور طبی اہلکار بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو ٹنچیرو کے اسپتال میں ابتدائی علاج کے لیے لے جایا گیا ہے جہاں سے شدید زخمیوں کو حیدر آباد منتقل کر دیا گیا۔