ممبئی، 10مئی (یو این آئی) شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے کہاکہ ریاستی حکومت کو تارکین مزدوروں کو ان کے گھر پہنچانے کے لئے پرائیویٹ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دینی چاہئے۔مسٹر راوت نے اتوار کو کہاکہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب نافذ ملک گیر لاک ڈاون کی وجہ سے بڑی تعداد میں پورے ملک کے مزدور بے روزگار ہوئے ہیں اور ان کے سامنے روزگار کا کوئی دوسرا ذریعہ نہیں ہے۔
انہوں نے مائکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر لکھا پرائیویٹ گاڑیوں کو تارکین کو ان کی منزل تک پہنچانے کی اجازت دی جانی چاہئے کیونکہ وہ لوگ پیدل سفر کررہے ہیں۔ پیدل چلنے کی وجہ سے کئی بیمار پڑ گئے ہیں یا مر گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مزدور طبقہ اپنے گھر پیدل جارہا ہے، یہ اچھی تصویر نہیں ہے، ان لوگوں کے ساتھ ان کے بچے بھی ہیں۔ ریلوے ان لوگوں کے لئے ٹرینیں چلانے کے لئے تیار نہیں ہے۔
خیال رہے کہ آٹھ مئی کو اورنگ آباد میں ایک مال گاڑی کی زدمیں آکر ریلوے ٹریک کے نزیک سورہے 16تارکین کی موت ہوگئی تھی۔ یہ لوگ اپنی آبائی ریاست مدھیہ پردیش جارہے تھے۔ ان کے چار ساتھی اس حادثہ میں بچ گئے ہیں۔
یو این آئی۔ م ع۔