شاہ محمد شادی ہال اور شمشان بھومی کی چاردیواری کو اونچا کر مکمل طور سے ڈھانکنے کا مطالبہ ورنہ شدید احتجاج کی دھمکی
بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی شہر سماجوادی پارٹی کے مقامی صدر عرفات شیخ نے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو ایک مکتوب ارسال کرکے سخت انتباہ دیا ہے کہ اگر فوری طور پر دھوبی تالاب اسٹیڈیم کے بغل میں موجود شاہ محمد شادی ہال کے کچن اور یہاں کی شمشان بھومی کی چاردیواری کو فوری طور پر اونچا کرکے پوری طرح سے بند نہیں کیا گیا تو سماجوادی پارٹی عوامی سطح پر سخت احتجاج کرے گی۔ جس کی پوری ذمہ داری بھیونڈی میونسپل کارپوریشن پر عائد ہوگی ۔

بھیونڈی سماجوادی پارٹی کے صدر عرفات شیخ نے میونسپل کمشنر منوہر ہیرے کو بھیجے گئے مکتوب میں مطالبہ کرتے ہوئے بتایا ہے کے بھیونڈی شہر ہندو مسلم سماج کو لے کر انتہائی حساس مانا جاتا ہے ۔ایسے حالات میں شہر کے دھوبی تالاب اسٹیڈیم کے عقب میں واقعہ شاہ محمد شادی ہال کا کچن اور اس کے بغل میں واقع شمشان بھومی کی دیوار اتیائی چھوٹی ہونے کے سبب یہاں کا کچڑا اور دھول و مٹی احاطے میں گرتی رہتی ہے ۔اس لئے ان کی چاردیواری کو مکمل طور سے تعمیر کر بند کر دیا جائے ۔ عرفات شیخ نے مکتوب میں بتایا ہے کہ شادی ہال کا کچن اور شمشان بھومی کے درمیان کی دیوار چھوٹی ہونے کے سبب شادی ہال میں منعقدہ تقریب میں آنے والے لوگ اپنے عزیزواقارب کی تقریب میں جو خانہ کھاتے ہیںں اس کے پکنے کے دوران شمشان بھومی میں جلنے والے مردوں کی راکھ و دھول ہوا کے زور سے اڑ کر ان کھانوں میں شامل ہو جاتی ہے جو لاعلمی کے سبب لوگ کھانے پر مجبور ہیں ۔
عرفات شیخ نے مکتوب میں مزید بتایا ہے کہ شمشان بھومی میں آئے دن لوگ اپنے رشتے داروں کی آخری رسم ادا کرنے کے لئے آتے ہیں جو مردے کو جلاتے ہیں شمشان بھومی اور شادی ہال کی دیوار چھوٹی ہونے کے سبب انھیں بھی بغل میں چل رہی تقریب اور خوشی کے ماحول کو دیکھ کر جذبات مجروع ہوتے ہے ۔ جو کبھی کسی سماج دشمن عناصر کے لئے کوئی تخریب کاری کا موقع نہ فراہم کر دے ۔ اس لئے اس سنجیدہ مسئلہ پر غور کرتے ہوئے شادی ہال کے کچن کو مکمل طور پر تعمیر کر اس کی دیوار اونچی کر دی جائے اور شمشان بھومی کی دیوار کو لوکھنڈ کی عینی سلاخوں سے تعمیر کرتے ہوئے اسے پتروں سے ڈھانک دیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ علاقہ ہندو مسلم اکثریتی علاقہ ہے جہاں لوگ بھائی چارے سے رہتے ہیں ۔ مگر ایسے حالات میں کسی طرح کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اس لئے شادی ہال اور شمشان بھومی کا تعمیری کام فوری طور پر مکمل کیا جائے ورنہ حالات کی سنجیدگی کے سبب سماجوادی پارٹی سڑکوں پر اتر کر عوامی سطح پر احتجاج کرے گی ۔جس کی ذمہ دار کارپوریشن ہوگی.