بھیونڈی:(ورق تازہ نیوز)تنظیم ابنائے دارالھدی ھادیہ کی جانب سے نیوزی لینڈ دہشت گردانہ حملہ کی مذمت میں ایک نشست کاانعقاد عمل میں آیا ۔اس موقع پر مولانا حسیب انصاری(ڈسٹرکٹ ریسرچ آفیسرAICHLS) نے کہاکہ اسلام اَمن وسلامتی اور محبت ومروّت کا دین ہے۔
اسلامی تعلیمات کے مطابق مسلمان وہی شخص ہے جس کے ہاتھوں مسلم وغیر مسلم سب انسانوں کے جاں ومال محفوظ رہیں۔ انسانی جان کا تقدس وتحفظ شریعت اسلامی میں بنیادی حیثیت کا حامل ہے۔کسی بھی انسان کی ناحق جان لینا اور اسے قتل کرنا فعل حرام ہے بلکہ بعض صورتوں میں یہ عمل موجب کفر بن جاتا ہے۔آج کل دہشت گرداپنے عقائد ونظریات مسلط کرنے اور اپنے مخالفین کو صفحہ ہستی سے مٹا دینے کی ناکام کاوِش میں جس بے دردی سے خودکش حملوں اور بم دھماکو ں کے ذریعے گھروں،بازاروں،عوامی وحکومتی دفاتر اور مساجد میں مسلمانوں کی جانیں لے رہے ہیں وہ صریحا کفرکے مرتکب ہو رہے ہیں۔دنیا اور آخرت میں ان کے لئے ذلت ناک عذاب کی وعید ہے۔دہشت گردی فی نفسہ کافرانہ فعل ہے اور جب اس میں خود کشی کا حرام عنصر بھی شامل ہو جائے تو اس کی سنگینی میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔نیوزی لینڈ کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملہ اور غیر انسانی عمل کی شخت مذمت کرتے ہیںاور حکمت نیوزی لینڈ سے اپیل کرتے ہیں کہ مجرموں کو جلد سے جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔