
لکھنو:اترپردیش کی ایک بیٹی نے یہ پھر ثابت کردیا ہے کہ ملک کی خدمت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے ۔ ورنہ بہت ڈھونڈنے کے بعد بھی ہمیں ایسی مثالیں ملنی مشکل ہیں ، جب کسی اداکارہ کا کیریئر شروع ہوجائے ، اس کے بعد ایک اداکارہ فلمی دنیا کو الوداع کہہ دے ۔ یہی نہیں ، اترپردیش کی بیٹی نے فلمی دنیا ٹھکرا کر جو دوسرا کیریئر منتخب کیا ہے ، وہ ہندوستانی بحریہ میں شامل ہوکر ملک کی حفاظت کرنا ہے ۔ اترپردیش کی اس بیٹی کا نام رشما بھاردواج ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رشما بھاردواج کا انتخاب ہندوستانی بحریہ میں سب لیفٹیننٹ کے عہدہ پر ہوا ہے ۔ اس میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ رشما نے اس عہدہ کو حاصل کرنے کیلئے پہلی کوشش میں ہی بازی مار لی ہے ۔رشما بھاردواج ، مکیش بھاردواج کی بیٹی ہیں ۔ مکیش کا کنبہ اترپردیش کے متھرا سے تعلق رکھتا ہے ۔ مکیش خود بھی ہندوستان فضائیہ میں ہیں ۔ حال ہی میں ان کے کام کو دیکھتے ہوئے انہیں گروپ کیپٹن کے عہدہ پر ترقی ملی ہے ۔ ایسے میں بیٹی کو بھی فوج میں عہدہ مل جانا ، ان کے کنبہ کیلئے دوہری خوشی لے کر آیا ہے