ناندیڑ :27اکتوبر ۔(ورقِ تازہ نیوز) ایم آئی ایم ےہ مسلم ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ سے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کا کام انجام دے رہی ہے۔ ایم آئی ایم بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔ آئندہ چناﺅ میں ایم آئی ایم اور بی جے پی دونوں کو ہی شکست دینا ضروری ہے۔ اس طرح کا اظہارِ خیال کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چوہان نے کیا۔ سنگھرش یاترا کی دیگلور ناکہ آمد پر کانگریسی کارپوریٹر عبدالستار‘ مسعود احمد خان‘ سید شیر علی‘ عبدالرشید‘ عبدالحبیب مولانا‘ شیخ جاوید چاﺅش‘ عبدالحبیب باغبان‘ و دیگر کانگریسی قائدین و ورکرس نے یاترا میں شامل کانگریسی قائدین اشوک چوہان‘ وکھے پاٹل‘ عارف نسیم خان‘ ڈی پی ساونت‘ وجاہت مرزا‘ ہرش وردھن پاٹل‘ کی گلپوشی کرکے اُن کا پر تپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چوہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پچھلے بلدیہ چناﺅ میںناندیڑ کے مسلم ووٹرس نے ایم آئی ایم کو مسترد کرکے اُن کا مقام دکھا دیا ہے۔ ایم آئی ایم دراصل بی جے پی کی دلالی کا کام کررہی ہے۔ مسلم ووٹرس ایم آئی ایم سے ہوشیار رہیں اور آئندہ لوک سبھا اور اسمبلی چناﺅ میں ایم آئی ایم اور بی جے پی کو شکست دیں۔ اشوک چوہان نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد اقلیتوں پر مظالم بڑھ چکے ہیں۔ مسلمانوں کو ریزرویشن سے محروم کیا گیا ہے اس لئے بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا بے حد ضروری ہے۔