ایس ٹی کو ملک کا نمبر ون ٹرانسپورٹ ادارہ بنائیں گے: وزیرِ ٹران سپورٹ پرتاپ سرنائیک

ایس ٹی کو ملک کا نمبر ون ٹرانسپورٹ ادارہ بنائیں گے: وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک

ممبئی، 1 جون: (آفتاب شیخ)

مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کو ملک کا نمبر ون ٹرانسپورٹ ادارہ بنانا ہمارا مقصد ہے، جو نہ صرف مسافروں کو معیاری سہولیات فراہم کرے بلکہ ملازمین کو بھی اقتصادی طور پر مضبوط بنائے۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی مہامنڈل کے صدر پرتاپ سرنائیک نے کہی۔ وہ ایس ٹی کی 77 ویں سالگرہ کے موقع پر یشونت ناٹیا مندر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جہاں کئی نئی اسکیموں کا افتتاح اور ’گورو پرسکار‘ تقسیم کیے گئے۔

وزیر سرنائیک نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ 77 برسوں سے ایس ٹی ہر موسم میں، چاہے گرمی ہو، بارش ہو یا آندھی، گاؤں سے لے کر قبائلی بستیوں تک سماج کے تمام طبقات کو سفری سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایس ٹی ایک دن اپنی صد سالہ تقریب بھی منائے گی، کیونکہ اسے مہاراشٹر کے عوام کی دعائیں اور حمایت حاصل ہے۔

تقریب میں ایس ٹی مہامنڈل کے نائب صدر و منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مادھو کوسیکر سمیت اعلیٰ افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر سرنائیک نے کہا کہ مستقبل میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ہونے والی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مسافروں کو محفوظ اور صاف ستھری "سمارٹ ایس ٹی" کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر ایس ٹی کے چاہنے والوں کی تنظیم ’بس فار آسان‘ کی جانب سے تیار کردہ کافی ٹیبل بک ’ایس ٹی چا واہن نامہ‘ کا بھی اجرا عمل میں آیا، جس میں ایس ٹی کی 77 سالہ خدمات اور ترقیاتی سفر کو تصویری انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

تقریب میں ایس ٹی کے ان افسران کو ’صدرِ جمہوریہ گولڈ میڈل‘ سے نوازا گیا جنہوں نے اپنی کارکردگی سے ادارے کا نام روشن کیا۔ ان میں دھولیہ-نندوربار ڈویژن کے کنٹرولر وجے گیتے، ساکری ڈپو کے منیجر سنیل مہالے، مکینیکل انجینئر پنکج مہاجن (دھولیہ-نندوربار)، سوریندر تانڈلے (جالنہ) اور سول انجینئر اکشے کینکرے (سندھودرگ) شامل ہیں، جنہیں وزیر سرنائیک نے تمغے اور توصیفی اسناد عطا کیں۔

مسافروں کی سہولت کے لیے وزیر سرنائیک نے اعلان کیا کہ کم بھیڑ والے سیزن میں طویل فاصلے کی سفر کے دوران ایڈوانس ریزرویشن کرانے والے مسافروں کو 15 فیصد کی چھوٹ دی جائے گی۔ یہ اسکیم جولائی سے نافذ کی جائے گی، جس کا فائدہ ’ای-شیو نری‘ جیسی بسوں سے سفر کرنے والوں کو ہوگا۔

علاوہ ازیں، ایس ٹی میں تقرری اور تبادلہ نظام کو شفاف بنانے کے لیے وزیر موصوف نے تمام تبادلے آن لائن کرنے کی اسکیم کا افتتاح کیا۔ اب تمام بین الاضلاع، بین العلاقائی اور محکمانہ تبادلے آن لائن کیے جائیں گے تاکہ انسانی مداخلت ختم ہو اور سینیارٹی کی بنیاد پر انصاف ہو۔

اختتام پر وزیر سرنائیک نے حادثہ سے پاک خدمات فراہم کرنے والے ڈرائیوروں کو اعزازی اسکیم کے تحت نوازا، جب کہ ریاستی حکومت کے ویشوکرما کامگار ایوارڈ حاصل کرنے والے ایس ٹی ملازمین کو بھی خصوصی اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading