اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر جنوبی غزہ کے شہر رفح میں ان فلسطینیوں پر فائرنگ کی جو امدادی مرکز کی جانب جا رہے تھے۔ یہ مرکز "غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن” کے تحت قائم ہے جہاں سے فلسطینیوں کو امداد کی تقسیم کے لیے بلایا گیا تھا۔ العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار کے مطابق متاثرین امداد کے حصول کی غرض سے مرکز کی طرف بڑھ رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی غزہ میں فائرنگ کے واقعات میں تین فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر متاثرین کا تعلق مغربی رفح کے اس علاقے سے ہے جہاں امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا تھا۔
ادھر اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے ساحلی علاقے میں ماہی گیروں پر بھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
شمالی و جنوبی علاقوں میں بمباری اور ڈرون حملے
اس کے ساتھ ساتھ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے شمال مغربی علاقوں میں فضائی حملے کیے، جبکہ توپ خانے کی جانب سے مشرقی غزہ کے علاقے "التفاح” پر شدید گولہ باری کی گئی۔
ایک اور واقعے میں اسرائیلی ڈرون نے شمالی غزہ میں شہریوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے