ایران چار امریکی سفارت خانوں پر حملوں کا منصوبہ بنا رہا تھا: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سنئیر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے لیے کیے جانے والے ڈرون حملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے وقت ایران چار امریکی سفارت خانوں پر حملوں کا منصوبہ بنا رہا تھا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کس خطرے کے پیش نظر امریکی ڈرون حملہ کیا گیا تو انھوں نے امریکی چینل فوکس نیوز کو بتایا کہ ’میں انکشاف کرسکتا ہوں کہ مجھے یقین ہے کہ یہ شاید چار سفارتخانے تھے۔‘

یاد رہے کہ ایران میں قومی ہیرو سمجھے جانے والے جنرل قاسم کو تین جنوری کو امریکہ نے بغداد میں ایک فضائی حملے میں ایران کے حمایت یافتہ ملیشیا رہنماؤں کے ہمراہ ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد صورتحال نہایت کشیدہ ہو گئی۔

لیکن ڈیموکریٹس کا اس مہلک حملے کے بارے میں دی جانے والی انٹیلیجنس بریفنگ پر کہنا ہے کہ انھیں سفارتخانے پر حملوں کے منصوبوں کے کوئی شواہد دکھائی نہیں دیے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے سب سے پہلے سفارتخانے پر حملے کا دعویٰ جمعرات کے روز وائٹ ہاؤس میں کیا تھا اور بعدازاں اسی رات امریکی ریاست اوہائیو میں ایک ریلی میں اسے دہرایا تھا۔ ان کے اس دعوے کی حمایت امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی کی تھی۔

(بی بی سی اردو ڈاٹ کام)

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading