اہم خبر: راہل-سونیا نے پارلیمنٹ احاطہ میں دیا دھرنا، لگایا ’جمہوریت بچاؤ‘ کا نعرہ

کرناٹک بحران: پارلیمنٹ احاطہ میں راہل-سونیا نے لگایا ’جمہوریت بچاؤ‘ کا نعرہ

کرناٹک اور گوا میں جاری سیاسی گھمسان کے پیش نظر کانگریس نے جمعرات کو پارلیمنٹ احاطہ میں دھرنا دیا۔ کانگریس کے اس احتجاجی مظاہرہ میں یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی شامل ہوئے۔ پارلیمنٹ احاطہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے اس احتجاجی مظاہرہ میں کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کرناٹک اور گوا میں اراکین اسمبلی کی خرید فروخت کر رہی ہے۔ اس دوران سبھی لیڈروں نے ’جمہوریت بچاؤ‘ کے نعرے بھی لگائے۔


راہل گاندھی نے لوک سبھا میں اٹھایا کسانوں کا ایشو، کہا ’کسانوں کو دھمکی دینا بند ہو‘

لوک سبھا میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کسانوں کی بدحالی کا ایشو آج پرزور طریقے سے اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ میرے پارلیمانی حلقہ وائناڈ میں کسان خودکشی کر رہے ہیں، 8 ہزار کسانوں کو بینک قرض نہ ادا کرنے پر نوٹس بھیجا گیا ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ کیرالہ میں 18 کسانوں نے خودکشی کی کیونکہ وہ بینکوں کا قرض ادا نہیں کر پائے۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنی بات لوک سبھا میں رکھتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ 5 سال میں حکومت نے کسانوں کو کم پیسہ دیا، وہیں امیر کاروباریوں کو زیادہ پیسہ دیا ہے۔ یہ دوہرا رویہ کیوں؟ حکومت کے لیے کسان امیروں سے زیادہ جروری کیوں نہیں ہیں!‘‘

راہل گاندھی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آر بی آئی کو ہدایت دے اور کسانوں کو دھمکی دینا بند کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں کی حالت بے حد خراب ہے، ایسے میں حکومت کو کسانوں کی بدحالی کو دور کرنے کے لیے قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔


ایودھیا معاملہ پر ثالثی پینل 25 جولائی تک تفصیلی رپورٹ پیش کرے: سپریم کورٹ

ایودھیا معاملہ پر اہم سماعت کرتے ہوئے آج سپریم کورٹ نے ثالثی پینل سے کہا ہے کہ وہ 25 جولائی تک تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ سپریم کورٹ نے آج کہا کہ ’’اس مسئلہ کا حل نکالنے کے لیے ہم نے ایک ثالثی پینل بنایا تھا اور اس کی رپورٹ کا ہم انتظار کر رہے ہیں۔‘‘ اس سلسلے میں اب آئندہ سماعت 25 جولائی کو ہوگی۔

کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق ثالثی پینل سے کہا گیا ہے کہ وہ 18 جولائی تک اسٹیٹس رپورٹ پیش کر دیں تاکہ آئندہ سماعت میں یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ ثالثی کا عمل آگے بڑھایا جائے یا پھر روزانہ اس کیس پر سماعت کی جائے۔


سینئر وکیل اندرا جے سنگھ اور آنند گروور کے گھر و دفتر پر سی بی آئی کا چھاپہ

سپریم کورٹ کی سینئر وکیل اندرا جے سنگھ اور آنند گروور کے گھر اور دفتر پر سی بی آئی کی ٹیم نے چھاپہ مارا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ این جی او کے لیے غیر ملکی فنڈنگ میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر سی بی آئی یہ کارروائی کر رہی ہے۔


ایودھیا تنازعہ پر جلد سماعت کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر سماعت آج

ایودھیا کیس کی جلد سماعت کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر سپریم کورٹ میں آج سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی پانچ ججوں کی بنچ سماعت کرے گی۔ ہندو فریق گوپال سنگھ وشارد نے ثالثی میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے کورٹ سے اہم معاملے پر جلد سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ اس درمیان مندر فریقین نے بھی غیر متنازعہ زمین پر تعمیری کام شروع کرنے کے لیے عدالت میں عرضی داخل کی ہے۔ اس کیس کی بھی سماعت آج ہونی ہے۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading