اہم خبر: دہلی کی 1797 غیر قانونی کالونیوں کو مستقل کرنے کا فیصلہ

دہلی کی 1797 غیر قانونی کالونیوں کو مستقل کرنے کا فیصلہ

مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا ، ’’کابینہ نے دہلی میں غیر قانونی کالونیوں میں مقیم 40 لاکھ افراد کو حق ملکیت دینے کا تاریخی فیصلہ لیا ہے۔‘‘

دہلی میں کل 1797 غیر قانونی کالونیاں ہیں جن میں سے تین کالونیوں کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ سینک فارمز، مہندررو انکلیو اور اننت رام ڈیری کو ان کالونیوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے جن کو مستقل کیا جا رہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ غیر قانونی کالونیاں سرکاری اراضی، کھیتی کی زمین اور گرام سبھا اراضی پر تعمیر شدہ ہیں۔ کالونیوں کو مستقل بنانے کے دوران سرکل ریٹ کا کچھ فیصد ریگولرائزیشن فیس کے طور پر وصول کیا جائے گا۔


کملیش تیواری قتل معاملہ: گرفتار اشفاق شیخ اور معین الدین کے لیے 72 گھنٹے کا سفری ریمانڈ منظور

منگل کی شب گرفتار اشفاق شیخ اور معین الدین پٹھان کو گجرات کی ایک عدالت نے 72 گھنٹے کا سفری ریمانڈ دیا ہے۔ کملیش تیواری قتل معاملہ میں اہم ملزم اشفاق اور معین الدین کو اب لکھنؤ کی پولس احمد آباد سے لے کر لکھنؤ آئے گی تاکہ اس سے آگے کی پوچھ تاچھ کی جائے۔ اس کے لیے لکھنؤ پولس کی 4 رکنی ٹیم پہلے ہی احمد آباد پہنچ چکی ہے۔


سینئر کانگریس لیڈر ڈی. کے. شیو کمار کو عدالت نے دی بڑی راحت، ضمانت منظور

دہلی ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ معاملے میں کرناٹک کے سینئر لیڈر ڈی کے شیو کمار کو 25 ہزار روپے کے نجی مچلکے پر ضمانت دے دی۔ وہ فی الحال عدالتی حراست میں ہیں۔ ان کی ضمانت عرضی کو ٹرائل کورٹ نے پہلے خارج کر دیا تھا۔


غازی آباد: آرڈیننس فیکٹری کے باہر بدمعاشوں نے ’رام-رام‘ کہتے ہوئے نوجوان کو مار دی گولی

اتر پردیش کے غازی آباد میں وزارت دفاع کے ماتحت آنے والی آرڈیننس فیکٹری کے باہر ایک نوجوان کا بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دو بدمعاشوں نے پہلے ’رام-رام‘ بولا اور پھر نوجوان پر 5 گولیاں داغ دیں۔ گولی مارنے کے بعد بدمعاش موقع سے فرار ہو گئے۔ آرڈیننس فیکٹری کے باہر ہوئے اس واقعہ کے بعد ہنگامہ برپا ہو گیا۔ یہ واردات منگل کے روز سرزد ہوا۔ فی الحال علاقے میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

کرناٹک: سیلاب نے 18 اکتوبر سے اب تک 13 لوگوں کی جان لے لی

کرناٹک میں سیلاب کی وجہ سے حالات کافی بدتر ہو رہے ہیں۔ صورت حال یہ ہے کہ 18 اکتوبر 2019 سے اب تک کل 13 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ سیلاب کے سبب لوگ کافی پریشان ہیں اور ان کے لیے رہنے کے علاوہ کھانے پینے کے بھی مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔


سورو گانگولی بی سی سی آئی کے صدر منتخب، بورڈ میٹنگ میں ہوا فیصلہ

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا یعنی بی سی سی آئی کی ممبئی میں منعقد میٹنگ کے دوران سورو گانگولی کو باضابطہ بورڈ کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ ہندوستان کے سابق کپتان نے صدر کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور ہندوستانی کرکٹ کو مضبوط کرنے کے لیے ضروری قدم اٹھائے جانے کا عزم ظاہر کیا۔


جموں و کشمیر: نوشیرا علاقے میں پاکستان نے کی جنگ بندی کی خلاف ورزی، فائرنگ میں ایک جوان شہید

پاکستان جموں و کشمیر سرحد پر لگاتار جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے اور گزشتہ شب بھی اس نے نوشیرا میں فائرنگ کی۔ اس فائرنگ میں ایک جوان کے شہید ہونے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ ہندوستانی فوجیوں نے پاکستان کی اس فائرنگ کا منھ توڑ جواب دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پاکستان نے پونچھ کے میڈھر سیکٹر میں بھی فائرنگ کی اور ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ اتنا ہی نہیں، پاکستان نے رہائشی علاقوں میں بھی گولے برسائے جس میں کچھ شہری زخمی بھی ہوئے۔ ایک زخمی خاتون کو فوراً پولس والوں نے ایمبولنس کے ذریعہ اسپتال پہنچایا۔

کملیش تیواری قتل: لکھنؤ پولس کی 4 رکنی ٹیم اہم ملزمان اشفاق اور معین الدین کو لانے جائے گی گجرات

کملیش تیواری قتل معاملہ کے اہم ملزمین اشفاق شیخ اور معین الدین پٹھان اس وقت گجرات اے ٹی ایس کے قبضے میں ہیں جنھیں راجستھان-گجرات سرحد سے گزشتہ شب گرفتار کیا گیا۔ ان دونوں کو لکھنؤ لانے کے لیے لکھنؤ پولس کی ایک چار رکنی ٹیم آج احمد آباد کے لیے روانہ ہوگی۔


اہم ملزمین کی گرفتاری سے خوش کملیش کی ماں نے کہا ’’دونوں کو پھانسی دو‘‘

کملیش تیواری قتل واقعہ کے دونوں اہم ملزمین اشفاق شیخ اور معین الدین پٹھان کو گجرات اے ٹی ایس نے راجستھان سرحد سے گرفتار کیا جس کی خبر سن کر کملیش کی ماں کسم تیواری نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا کے سامنے بیان دیا ہے کہ میں ملزمین کی گرفتاری سے خوش ہوں اور جلد سے جلد انھیں پھانسی دیا جانا چاہیے۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading