انڈین کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں گر کر تباہ،
دو پائلٹ لاپتہ، ہیلی کاپٹر کا ملبہ برآمد
(آفتاب شیخ)
ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل سے موصولہ اطلاع کے مطابق انڈین کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر ایک بڑے حادثے کا شکار ہو گیا۔ بحیرہ عرب میں مدد کے لیے جانے والا یہ ہیلی کاپٹر گجرات کے پوربندر کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
اس حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر کے پائلٹ اور ایک غوطہ خور دونوں لاپتہ ہیں۔ اس ہیلی کاپٹر میں چار افراد سوار تھے۔ ان میں سے ایک (غوطہ خور) کو ریسکیو ٹیم نے بچا لیا ہے۔ دریں اثناء ہیلی کاپٹر کا ملبہ بحیرہ عرب میں برآمد ہوگیا ہے۔
ایک جہاز بحیرہ عرب میں پھنس گیا۔ چنانچہ جہاز کے عملے نے کوسٹ گارڈ کو مدد کے لیے پیغام بھیجا۔
کوسٹ گارڈ نے جہاز پر سوار لوگوں کی مدد کے لیے ایک ہیلی کاپٹر بھیجا۔ اس ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ اور دو غوطہ خور تھے۔ لیکن ہیلی کاپٹر جہاز تک پہنچنے سے پہلے ہی سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹ اور ایک غوطہ خور لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیم نے ایک غوطہ خور کو بچا لیا ہے۔ ان کی حالت اب مستحکم ہے۔ کوسٹ گارڈ نے پائلٹوں کا سراغ لگانے کے لیے تلاش شروع کر دی ہے۔
اس مقصد کے لیے چار بحری جہاز اور دو طیارے بھیجے گئے ہیں۔ کوسٹ گارڈ کو یقین ہے کہ تینوں کو جلد ہی تلاش کرلیا جائے گا۔
اس واقعے کے بعد انڈین کوسٹ گارڈ نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ انڈین کوسٹ گارڈ کے ایک جدید ہلکے ہیلی کاپٹر نے جب حال ہی میں گجرات میں طوفان آیا تھا 67 لوگوں کی جان بچائی۔ یہی ہیلی کاپٹر پیر کو رات گیارہ بجے بحیرہ عرب میں پھنسے ہوئے جہاز پر سوار لوگوں کی مدد کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر کو ہندوستانی پرچم والے ہری لی پر سوار عملے کے زخمیوں کی مدد کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔ تاہم، یہ پوربندر کے ساحل سے 45 کلومیٹر دور بحیرہ عرب میں حادثے کا شکار ہوا ہے۔
کوسٹ گارڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہیلی کاپٹر میں چار افراد سوار تھے۔ ریسکیو مشن کے دوران ہیلی کاپٹر کو فوری طور پر لینڈ کرنا پڑا۔ ہم ایک غوطہ خور کو ہیلی کاپٹر سے بچانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ باقی تینوں کی تلاش جاری ہے۔ ہیلی کاپٹر کی باقیات بھی برآمد ہوئی ہیں۔ جس علاقے میں ہیلی کاپٹر کی باقیات ملی ہیں وہاں سرچ آپریشن جاری ہے۔