ٹامریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ حکام نے آگاہ کیا ہے کہ امریکی فوج سنیچر تک ایران پر ممکنہ حملے کے لیے تیار ہے تاہم (صدر ٹرمپ کی جانب سے) اس ضمن میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ پینٹاگون نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اعلیٰ قومی سلامتی حکام نے آگاہ کیا ہے کہ امریکی فوج سنیچر تک ایران پر ممکنہ حملے کے لیے تیار ہے تاہم (صدر ٹرمپ کی جانب سے) حملے سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ مُمکنہ کارروائی کے حتمی وقت کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور یہ سنیچر کے روز سے آگے بھی جا سکتا ہے۔
حکام نے سی بی ایس کو مزید بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ابھی تک ایران پر حملے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جبکہ وائٹ ہاؤس میں اس معاملے پر مسلسل مشاورت جاری ہے، جہاں اس اقدام سے منسلک خطرات، ممکنہ ردعمل اور حملے کے سیاسی و عسکری نتائج پر غور کیا جا رہا ہے۔
پینٹاگون آئندہ تین دنوں میں مشرقِ وسطیٰ سے کچھ اہلکاروں کو عارضی طور پر یورپ یا امریکہ منتقل کر رہا ہے تاکہ اگر کارروائی کی جاتی ہے تو ایسے میں ایران کے ممکنہ جوابی حملوں سے بچا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام معمول کی تیاری کا حصہ ہے اور اس کا مطلب یہ نہیں کہ حملہ فوری طور پر ہونے والا ہے۔