اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے جاری، لاکھوں افراد پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور
ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کی وارننگ کے بعد شمالی اور وسطی اسرائیل اور مقبوضہ مغربی کنارے میں لاکھوں لوگوں کے لیے آج دن میں تین مرتبہ پناہ گاہوں میں چھپنے کے الرٹ جاری کیے گئے۔ آخری دو انتباہات یکے بعد دیگرے آئے۔
شمالی اسرائیل میں میزائلوں اور ڈرونز کی کم از کم 30 وارننگیں جاری کی گئیں۔ یہ علاقہ لبنان سے حزب اللہ کی جانب سے بھیجے جانے والے ڈرون اور میزائلوں سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ وہ تہران میں مزید حملے کر رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب کی جانب سے ہتھیاروں کی تحقیق کے لیے استعمال ہونے والے زیر زمین کمپلیکس کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کی مذہبی قیادت کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے، لیکن انھیں امید ہے کہ ایرانی خود اپنے ملک میں ’ظلم کے زنجیروں کو توڑ دیں گے‘۔
یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی عوام سے 28 فروری کو تہران پر حملے سے قبل کی گئی اس اپیل سے مماثلت رکھتا ہے جس میں انھوں نے ایرانی عوام کو ’اپنی حکومت کا کنٹرول سنبھالنے‘ کا کہا تھا۔