ارنب کو تین ہفتے کی مہلت، سی بی آئی جانچ سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی، 19 مئی (یواین آئی) ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کو سپریم کورٹ سے منگل کو ایک بار پھر راحت مل گئی۔ عدالت نے ان کے خلاف تادیبی کارروائی پر لگائی روک تین ہفتے کے لئے بڑھا تو دی، لیکن ان کے خلاف درج معاملوں کی تفتیش کی ذمہ داری مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو سونپنے سے انکار کر دیا۔

جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی بنچ نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ آرٹیکل 32 کے تحت درخواست مسترد نہیں کی جا سکتی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے ارنب کے خلاف ناگپور میں درج ایف آئی آر کو ممبئی منتقل کئے جانے کے اپنے عبوری حکم پر آخری مہر لگا دی اور کہا کہ ممبئی پولیس ہی معاملے کی جانچ کرے گی۔

عدالت نے تاہم اپنے حکم میں یہ واضح ضرور کیا کہ ارنب کے خلاف مختلف ریاستوں میں درج ایف آئی آر ہر طرح سے ایک جیسی تھیں. لہذا ناگپور کی ایف آئی آر کے علاوہ تمام ایف آئی آرمنسوخ کی جاتی ہے. انہوں نے ممبئی پولیس کمشنر کو ارنب کو سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔بنچ نے ارنب کی گرفتاری پر روک کے حوالہ سے 24 اپریل کو جاری عبوری روک ایک بار پھر تین ہفتہ کے لئے بڑھا دی اور اس دوران مستقل راحت کے لئے متعلقہ عدالت کے سامنے جانے کی اجازت دے دی۔