کولکاتا ۔ 6 مئی (ایجنسیز) مغربی بنگال کے کئی حصوں میں حالیہ ریاستی انتخابات کے بعد تشدد جاری ہے جبکہ ترنمول کانگریس کے حریف گروپوں میں ضلع شمالی 24 پرگنہ کے علاقہ سندیش کھلی میں جھڑپ کے نتیجہ میں 5 سیکوریٹی پرسونل زخمی ہوگئے اور علحدہ واقعات میں ایک بی جے پی ورکر اور ایک ٹی ایم سی ورکر ہلاک ہوگئے۔ نیوزایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق سندیش کھلی کا واقعہ گزشتہ رات دیر گئے طلایہ گردی کے دوران پیش آیا جہاں ٹی ایم سی گروپوں کے درمیان جھڑپیں پیش آئیں جن میں مبینہ طور پر بندوقوں اور خام بموں کا استعمال کیا گیا۔
سیکوریٹی فورسیس نے مقام واقعہ سے دیگر ہتھیار بھی برآمد کئے ہیں۔ ایک روز قبل بی جے پی ورکرس مدھو مونڈل کی نیوٹاؤن علاقہ میں موت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہیکہ انتخابی فتح کا جلوس نکالنے کے دوران اسے ٹی ایم سی ورکرس نے شدید ماراپیٹا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ بھلی گوڑی علاقہ میں پیش آیا جہاں بی جے پی ریالی نکالی گئی اور اس دوران حریف سیاسی کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ مونڈل کو فوری دواخانہ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
اس واقعہ کے بعد بی جے پی حامیوں نے ٹی ایم سی ورکرس کے گھروں پر جوابی حملے کئے اور راستہ روکو احتجاج بھی کیا۔ علاقہ میں مرکزی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔ قبل ازیں ایک دیگر واقعہ میں ٹی ایم سی ورکر ابیرشیخ کو بیربھوم کے علاقہ نانور میں شدید زدوکوب کرتے ہوئے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔ پولیس نے کہا کہ شیخ جو پارٹی کا آنچل کمیٹی ممبر تھا، اسے موضع سنتوش پور میں بحث و تکرار کے بعد حملہ کا نشانہ بنایا گیا وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا جبکہ ایک دیگر شخص زخمی ہوا ہے۔ علاقہ میں کشیدگی کے درمیان اضافی پولیس دستے بھیجے جارہے ہیں۔ ٹی ایم سی کے منتخب ایم ایل اے بیدھن ماجھی نے الزام عائد کیا کہ شیخ کو بی جے پی ورکرس نے ہلاک کیا جبکہ بی جے پی لیڈر شیاماپدا مولڈن نے الزام کی تردید کرتے ہوئے منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔