جدہ :سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے نے مملکت بھر کے تمام مسلمانوں سے اتوار کی شام 18 جون کو ذو الحج کا چاند دیکھنے کی کوشش کرنے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے سعودی عرب میں اتوار کی شام ذو القعد کی 29 تاریخ ہے۔ پاکستان میں 29 ذو القعد پیر کو ہے اور پاکستان میں ذو الحج کا چاند دیکھنے کی کوشش پیر 19 جون کو کی جائے گی۔
سعودی سپریم کورٹ نے درخواست کی ہے کہ جو بھی اسے کھلی آنکھ سے یا دوربین کے ذریعے دیکھے اس کے بارے میں قریبی عدالت کو مطلع کرے۔ابوظہبی میں واقع بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے وسط اور مغرب میں اتوار کو چاند کو دیکھنا دوربین کے ذریعے ہی مشکل سے ممکن ہے۔
اس لیے توقع ہے کہ ان ملکوں میں چاند پیر 19 جون کو نظر آئے گا اور یکم ذو الحج منگل 20 جون کو ہوگی۔ اس طرح عید الاضحی جمعرات 29 جون کو ہوگی۔سعودی عرب کی فلکیاتی سوسائٹی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں سال 2023 کی عید الاضحیٰ 28 جون بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔
مصر کے قومی ادارہ برائے فلکیاتی اور جیو فزیکل ریسرچ نے مصر میں بھی عید الاضحیٰ بدھ 28 جون کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔