تھیروونتا پورم :یکم نومبر ۔(ایجنسیز) ہندوستان نے آج یہاں کے گرین فیلڈ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹ سے مات دے کر پانچ میچوں کی ون ڈ ے سیریز پر 3-1 سے قبضہ کرلیا ہے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 31.5 اوورس میں صرف 104 رنوں پر ہی ڈھیر کردیا۔اس آسان ہدف کو ٹیم انڈیا نے 14.5 اوورس میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔ سیریز کا دوسرا میچ ٹائی ہوگیا تھا جب تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت ملی تھی۔ٹیم انڈیا کی جانب سے سلامی بلے باز روہت شرما نے 55 گیندوں میں پانچ چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 63 رن بنائے۔ ان کے علاوہ وراٹ کوہلی نے بھی ناٹ آوٹ 33 رن بنائے۔ شیکھر دھون (6) کی شکل میں ہندوستان نے صرف ایک وکٹ کھویا۔