نئی دہلی، یکم ستمبر (یو این آئی) انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کے آخری دن 31 اگست کو 49 لاکھ 29 ہزار 121 لوگوں نے آئی ٹی آر داخل کئے جو ایک دن میں اتنے زیادہ ریٹرن بھرے جانے کا ایک ریکارڈ ہے۔ گزشتہ برس آخری دن 34لاکھ 95ہزار 93لوگوں نے ریٹرن بھرا تھا۔ اس طرح گزشتہ برس کے مقابلہ میں اس آخری دن ریٹرن بھرنے والوں میں 41فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔
سنٹرل بورڈ آف ڈائرکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) نے اتوار کو انکم ٹیکس ریٹرن کے تعلق سے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہاکہ ریٹرن داخل کرنے کے آخری پانچ دنوں میں ایک کروڑ 47لاکھ 82ہزار 95آئی ٹی آر بھرے گئے ہیں جو گزشتہ برس اس مدت میں بھرے گئے ایک کروڑ چار لاکھ 35ہزار 96آئی ٹی آر کے مقابلہ میں 41فیصد زیادہ ہیں۔سی بی ڈی ٹی کے مطابق 2019-20برس کے اسسیمنٹ سال کے لئے پانچ کروڑ 65لاکھ آٹھ ہزار 183آئی ٹی آر بھر ے گئے ہیں جو 2018-19اسیسمنٹ سال کے لئے گزشتہ برس بھرے گئے پانچ کروڑ 42لاکھ 21ہزار 378آئی ٹی آر کے مقابلہ میں چار فیصد زیادہ ہیں۔ اس دوران فارم کے ذریعہ 32لاکھ 20ہزار 305انکم ٹیکس ریٹرن داخل کئے گئے ہیں جو گزشتہ برس بھرے گئے 30لاکھ پانچ ہزار 100کے مقابلہ میں سات فیصد زیادہ ہیں۔
بورڈ کے مطابق 31 اگست کو مصروف ترین وقت میں فی سیکنڈ 196آئی ٹی آر بھرے گئے۔ اسی طرح مصروف وقت میں فی منٹ 7447آئی ٹی آر اور فی گھنٹہ تین لاکھ 85 ہزار 571آئی ٹی آر بھرے گئے۔ اس دوران انکم ٹیکس محکمہ کے آئی ٹی محکمہ نے ای فائلنگ ویب سائٹ پر 2205حملوں کو ناکام کیا۔