آج ملک کا چوکیدار ہر غلط کام میں بھاگیدار بن گیا!

دہلی میں منعقدہ استقبالیہ پروگرام میں کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر طارق انور کا خطاب

نئی دہلی،25نومبر: دہلی کے جنگ پورہ میں منعقد ہ ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر اور کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر طارق انور نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ 4.6 سالوں میں لوگوں کو ٹھگنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو یقین دلایا گیا کہ ان کی حالت بدلی جائے گی۔لوگوں کو مونگیری لال کے سپنے دکھائے گئے تھے اور ان سے وعدہ کیا گیا کہ ان کے نوجوانوں کو ہر سال 2کروڑ روزگار دیاجائیگا ۔ ان سے وعدہ کیاگیاکہ 100 دن کے اندر، اربوں روپے کا کالا دھن ملک میں واپس آ جائے گا اور ہر شخص 15 لاکھ روپیہ مفت میں مل جائیگا ۔کسانوں کو ان کی آمدنی کا دوگنا روپیہ (قیمت)دینے کا وعدہ کیاگیا۔ خواتین سے کہاگیاکہ ان کو تحفظ فراہم کیاجائیگا۔ ان تمام وعدوں کے بھرم میں آکر لوگوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر بھروسہ کیا اور ایک طویل عرصہ کے بعد مکمل اکثریت کی حکومت بنانے کا کام کیا، لیکن لوگ اب یہ محسوس کررہے ہیں کہ ان کو ٹھگا گیا ہے اور وہ 2019 یعنی اپنی باری کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔طارق انور نے کہا کہ جب بی جے پی کی ترقیاتی ایشوز پر پوری طرح ناکام ہوچکی ہے اور اس کا شائننگ انڈیا 2004 ہی میں زمیں دوز ہوچکاتھا ، تو اب وہ ایک بار پھر مندر کی سیاست کرتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ مذہب خطرے میں ہے اور دھرم سنسد کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ لوگ اس کے چھلاوے کو سمجھ رہے ہیں ۔طارق انور نے آگے کہاکہ اب نوکریوں ، کالے دھن ،بدعنوانی اور خواتین کے تحفظ کی بات نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی سچ کہہ رہے ہیں کہ ملک کا چوکیدار (نگہداشت) اب بھاگیدار (شراکت دار) بن گیا ہے۔اب چوکیدار ہر چوری ، بے ایمانی اور غلط کام میں بھاگیدار ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی تاریخ قربانیوں کی تاریخ ہے اور یہ ملک انڈین نیشنل کانگریس ہی چلا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اس ملک کو جدید ٹکنالوجی سے لیس کرنے کا کام کیا ہے ، جس کا کریڈٹ چوکیدار لینے کی کوشش کررہا ہے۔کانگریس کے لیڈروں نے آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد ملک کے لئے قربانیاں دی، جبکہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی دور دور تک قربانی کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔طارق انور نے کہا کہ یہ بہت دکھ کی بات ہے کہ آج بی جے پی اور وزیراعظم کے خلاف بات کرنے پر آپ کو ملک مخالف اور پاکستان کا ایجنٹ کہہ کر پاکستان بھیجنے کی بات کی جاتی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ آج ملک کی جمہوریت خطرے میں ہے اور آئین کو ختم کرنے کی بات ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی کسی وجہ سے کانگریس سے بچھڑ گئے ہیں یا کانگریس چھوڑ گئے ہیں ، بحران کی اس گھڑی میں ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک بار پھر کانگریس میں آئیں اور ملک کو بچانے کیلئے کام کریں۔طارق انور نے بتایا کہ گاندھی اور نہرو خاندان کے ساتھ کام کرنے کا ان کا ایک طویل تجربہ رہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ملک کے لوگ ایک بار پھر 2019 میں کانگریس پارٹی پر یقین کریں گے اور اس کو اقتدار میں لائیں گے۔انہوں نے پروگرام میں موجود لوگوں سے سوال کیا کہ کیا آپ نے دیکھا کہ کبھی کوئی صنعتکار نوٹ بندی کی لائن میں آیا یا پھر کیوںغریبوں کو نوٹ بدلی کی آڑ میں سڑکوں پر مرنے کے لئے چھوڑ دیا گیا اور 150 سے زیادہ لوگوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔انہوں نے کہا کہ پانچ ریاستوں میں انتخابات ہو رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ لوگ کانگریس پر یقین کریں گے اور آنے والا کل کانگریس کا ہے اور کانگریس ملک کو ایک اچھی حکمرانی دینے میں مکمل طور پر کامیاب ہو گی۔واضح رہے کہ اس پروگرام کا انعقاد جنگ پورہ کے سابق ممبر اسمبلی تروندر سنگھ مارواہ اور کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر محمد سلیم کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں تمام مذاہب کے لوگ موجود تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading