بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی شہر کے معروف باڈی بلڈر واجد علی ظہیر خان (34)نے گزشتہ دنوں تھانے شری کا ٹائٹل جیت کر نا صرف گھر خاندان اور بھیونڈی شہر کا نام روشن کیا بلکہ قوم و ملت کا بھی سر فخر سے بلند کردیا ہے تھانے شری کا یہ مقابلہ کھارے گاوں ممبئ میں اپولو جم کے زیراہتمام منعقد کیا گیا تھا ۔ واجد علی اب تک کل پندرہ خطاب جیت چکے ہیں جس میں ضلعی سطح کے دو اور ریاستی سطح کے دو خطاب کے ساتھ گزشتہ برس کرناٹک میں منعقدہ آل انڈیا باڈی بلڈنگ مقابلے میں نیشنل گولڈ میڈل پر بھی قبضہ جمایا تھا ۔بھیونڈی شہر کی مشہور جم یونی ورسل کلاس میں استاد رضوان فرید سر کی نگرانی میں واجد علی نے باڈی بلڈنگ کی شروعات کی اور آج وہ ملکی پیمانے پر اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوئے اسوقت واجد علی کویت میں فلاح کیپٹن جم میں مسٹر انڈیا بننے کی تیاری کررہےہیں جبکہ جنوری ۲۰۱۹ میں منعقد ہونےوالے ریاستی مقابلے میں بھی انھیں شرکت کرنی ہے جو ممبئ میں منعقد ہونے والا ہے ۔ بھیونڈی شہر کے روشن باغ دیوان شاہ علاقے میں رہنےوالے واجد علی ظہیر خان نے روشن باغ کو اپنی کامیابی سے مزید روشن بلکہ منور کردیا ہے ۔