آئیڈیل گروپ آف اسکولز و جونیئر کالج تھانے کا سالانہ ثقافتی جل سہ شاندار انداز میں منعقد طلبہ کے فنون، سماجی پیغام اور تعلیمی حوص لہ افزائی نے سامعین کو متاثر کیا

آئیڈیل گروپ آف اسکولز و جونیئر کالج تھانے کا سالانہ ثقافتی جلسہ شاندار انداز میں منعقد
طلبہ کے فنون، سماجی پیغام اور تعلیمی حوصلہ افزائی نے سامعین کو متاثر کیا

تھانے (آفتاب شیخ)

رابوڑی کے معروف تعلیمی ادارے رضوان حارث آئیڈیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج اور شمس الدین گھاوٹے آئیڈیل پرائمری اسکول کے زیرِ اہتمام سالانہ ثقافتی جلسہ یکم جنوری شہر کے گڈکری رنگایتن آڈیٹوریم میں بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس رنگارنگ تقریب میں پرائمری، ہائی اسکول اور جونیئر کالج کے طلبہ نے اپنے فن اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

تقریب کے دوران طلبہ کی جانب سے حمد، نعت، ڈرامے، ایکشن سونگ اور ہندوستان کی تاریخ پر مبنی ایک خوبصورت ایکٹ پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ خصوصی طور پر لڑکیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ان کے تعلیم کے حق کو اجاگر کرنے والا ڈرامہ نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا گیا، جس نے سماج میں بیداری کا پیغام دیا۔

اس موقع پر مہمانِ اعزازی عائشہ قاضی، اسسٹنٹ کمشنر، ریونیو ڈپارٹمنٹ نے طالبات کو اپنی تعلیمی جدوجہد کی مثال دیتے ہوئے آگے بڑھنے، محنت کرنے اور رکاوٹوں کا حوصلے سے سامنا کرنے کی تلقین کی۔ دوسرے مہمانِ اعزازی نجیب ملا، سابق کارپوریٹر اور این سی پی لیڈر نے ادارے کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول پر زور دیا۔

مہمانِ خصوصی پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی، صدر آئیڈیل ایجوکیشن سوسائٹی اور انجمن اسلام ممبئی نے اپنی پُرمغز گفتگو میں اردو میڈیم طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ ہر میدان میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے انہیں احساسِ کمتری سے باہر نکل کر اپنے کیریئر پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ اس موقع پر آئیڈیل اسکول کی جدید کاری سے متعلق ایک پروجیکٹ کی ویڈیو بھی اسکرین پر پیش کی گئی، جس کا مختصر تعارف پرنسپل شیخ انور نے کرایا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض اساتذہ حنیف شیخ، سلیم سر ، ہاشم سر، آفرین مس اور وسیم سر نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔ اس کامیاب اور یادگار پروگرام کے انعقاد کے لیے ادارے کے اساتذہ و اسٹاف کی محنت کو قابلِ ستائش قرار دیا گیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading