پی ایف آئی پر امتناع کیلئے آر ایس ایس کی مسلم وِنگ کا مطالبہ

نئی دہلی: پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) پر امتناع کا مطالبہ ہر گزرتے دن کے ساتھ زور پکڑتا جارہا ہے۔ دایاں بازو تنظیم آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی ایف آئی پر فوری امتناع عائد کردیا جائے۔

آر ایس ایس کی مسلم وِنگ نے مرکزی حکومت سے پوچھا کہ اگر پی ایف آئی اتنی خطرناک بن گئی ہے تو پھر اس پر جلد امتناع کیوں نہیں عائد کیا جارہا ہے؟ تنظیم کے بینک کھاتے ابھی تک منجمد کیوں نہیں ہوئے؟ جائیدادیں کیوں نہیں ضبط ہوئیں؟۔

پی ایف آئی قائدین اور ورکرس کے خلاف سخت کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ مرکزی حکومت نے چند دن قبل سپریم کورٹ سے کہا تھا کہ پی ایف آئی پر کئی ریاستوں میں پابندی لگ رہی ہے اور وہ بھی اس پر امتناع عائدکرنے والی ہے۔دیگر قوم پرست تنظیموں کے ساتھ میٹنگ کے بعد مسلم راشٹریہ منچ کے قومی کنوینر محمد افضل اور شاہد اختر نے پی ایف آئی کو سیمی سے زیادہ خطرناک دہشت گرد تنظیم قراردیا۔