ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز) ناندیڑ واگھالا شہر میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کے سلسلے میں منگل کے روز 20 وارڈوں کی مجموعی طور پر 81 نشستوں کے لیے ریزرویشن (قرعہ اندازی) کا عمل ڈاکٹر شنکر راو¿ چوہان پریشہ گہ میں منعقد کیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن کی 20 وارڈوں کی 81 نشستوں میں سے 41 نشستیں خواتین کے لیے مخصوص رکھی گئی ہیں۔
اس ریزرویشن قرعہ اندازی کے بعد کل 81 کونسلرز میں سے 41 خواتین کونسلرز ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق، درج فہرست ذات (Scheduled Castes) کی 15 نشستوں میں سے 8 نشستیں خواتین کے لیے، درج فہرست قبائل (Scheduled Tribes) کی 2 میں سے 1 نشست خواتین کے لیے، پسماندہ طبقات (OBC) کی 21 میں سے 11 نشستیں خواتین کے لیے، جبکہ عام زمرے (Open Category) کی 43 میں سے 21 نشستیں خواتین کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔یہ عمل میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئیفوڈے کی نگرانی میں کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر گریش قدم، ڈپٹی کمشنر اجیت پال سنگھ سندھو، الیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی کمشنر نیتن گادھوے اور اسسٹنٹ کمشنر منیشا نرسالے نے ریزرویشن کے تمام مسودے حاضرین کے سامنے پیش کیے۔
اس موقع پر سابق کونسلرز اور شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔ریاستی حکومت نے 20 مئی 2025 کو میونسپل وارڈوں میں نشستوں کی درجہ بندی و ریزرویشن کے اصول جاری کیے تھے۔ اسی کے مطابق ریاستی الیکشن کمیشن نے ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی تھی کہ ریزرویشن کی قرعہ اندازی انہی اصولوں کے تحت عمل میں لائی جائے۔ بعد ازاں 24 اکتوبر 2025 کے حکم نامے کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے 20 وارڈوں کے ریزرویشن کی تجویز کمیشن کو ارسال کی تھی، جسے منظوری دے دی گئی۔کمیشن کی ہدایت کے مطابق منگل کے روز یہ ریزرویشن قرعہ اندازی کامیابی سے مکمل کی گئی۔ ناندیڑ واگھالا شہر میونسپل کارپوریشن کے کل 20 وارڈوں میں اس عمل کے بعد خواتین کی نمائندگی میں نمایاں اضافہ دیکھا جائے گا۔واضح ہوکہ ناندیڑ کارپوریشن کے انتخابات ڈسمبر کے آخر یا جنوری 2026 کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہوسکتے ہیں۔
جبکہ ریاست میں مجالس بلدیہ ‘ گرام پنچایت کے انتخابات کااعلان کردیاگیا ہے۔جس کےلئے 10ٓنومبرسے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور 2 ڈسمبر کو رائے دہی اور 3ڈسمبر کو رائے شماری ہوگی ۔اس لئے ضلع بھرمیںسیاسی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔
