دادا کے خوابوں کی پارٹی کو مضبوطی سے آگے بڑھانا ہم سب کی مشترک ہ ذمہ داری: سنیل تٹکرے

دادا کے خوابوں کی پارٹی کو مضبوطی سے آگے بڑھانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری: سنیل تٹکرے

روہت پوار پر این سی پی میں پھوٹ ڈالنے اور بدنامی کی سازش کا الزام، سورج چوہان کا سخت ردعمل

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ ’دادا‘ کے خوابوں کی پارٹی کو اسی مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھانا تمام کارکنوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دادا پوار نے اپنی مسلسل محنت اور قیادت کے ذریعے پارٹی کو این ڈی اے کے ساتھ آگے لے جانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا تھا اور مشکل حالات کے باوجود تنظیم کو دوبارہ مستحکم کیا۔

انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں ناکامی کے باوجود اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کو نئے اعتماد کے ساتھ منظم کیا گیا اور اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی اپنائی گئی، جس کے نتیجے میں پارٹی کو 72 فیصد اسٹرائیک ریٹ حاصل ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجیت پوار کے انتقال کے بعد پارٹی جذباتی طور پر متاثر ضرور ہوئی ہے، لیکن اس کے باوجود ان کے نظریات اور خوابوں کو آگے بڑھانا سب کی ذمہ داری ہے۔

سنیل تٹکرے نے کہا کہ ان کا اجیت دادا پوار کے ساتھ 35 برس کا قریبی تعلق رہا ہے اور وہ متعدد اہم مواقع کے گواہ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سنیترا اجیت پوار کی قیادت میں پارٹی کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور تمام لیڈر مل کر اجتماعی فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کام کاج کو لے کر کسی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔

دریں اثنا پارٹی کے ترجمان سورج چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روہت پوار پر سنگین الزامات عائد کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روہت پوار نے این سی پی میں پھوٹ ڈالنے اور پارٹی لیڈروں کو بدنام کرنے کے لیے ایک ایجنسی کو پانچ کروڑ روپے دیے۔ ان کے مطابق کچھ افراد کو باقاعدہ طور پر پے رول پر رکھ کر پارٹی کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے کا کام سونپا گیا ہے۔

سورج چوہان نے الزام لگایا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ایک مخصوص گروپ کی جانب سے این سی پی اور اس کے لیڈروں کو بدنام کرنے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر اپنے سیاسی مفادات کے لیے پارٹی کی شبیہ خراب کرنے اور اندرونی اختلافات کو ہوا دینے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے پارٹی آئین سے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کو بھی گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ این سی پی کے قیام سے ہی پانچ بنیادی شعبے موجود ہیں، جن میں مرکزی تنظیم، خواتین، نوجوان، طلبہ اور سیوا دل شامل ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ او بی سی، سماجی انصاف اور اقلیتی سیل ہمیشہ سے الگ سیل کے طور پر کام کرتے رہے ہیں، انہیں کبھی باضابطہ وِنگ کا درجہ حاصل نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے انتخابی کمیشن کو دی گئی معلومات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور اہم دفعات کو نظرانداز کیا، جس سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کے تمام دستاویزات اور ضوابط شفاف ہیں اور پہلے ہی متعلقہ اداروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔ سورج چوہان نے روہت پوار کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ دوسروں پر الزام تراشی کے بجائے اپنی پارٹی اور اپنے لیڈروں پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر این سی پی کے خلاف مہم جاری رکھی گئی تو اس کا سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی قومی صدر سنیترہ اجیت پوار داخلی معاملات کو سنبھالنے اور ضرورت پڑنے پر کارروائی کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور پارٹی قیادت متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گی۔

NCP Urdu News 31 March 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading