ونچت اگھاڑی کو کانگریس ۔این سی پی کے ساتھ مہااگھاڑی میں شامل ہوناچاہئے

ممبئی:28مئی(ورق تازہ نیوز) کانگریس، راشٹروادی کانگریس ودیگر اتحادی پارٹیوں کے لیڈران کی ایک اہم میٹنگ میں آج جہاں پارلیمانی الیکشن کے نتائج کا تجزیہ کیا گیا وہیں اس بات پر بھی غور وخوض کیا گیا کہ آنے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ لڑے جائیں۔ ودھان پریشد کے حزبِ اختلاف لیڈر دھنن جئے منڈے کی رہائش گاہ پر ہوئی اس میٹنگ کے بعد مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدراشوک چوہان نے میڈیاکے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ میں سب سے پہلے ریاست کی خشک سالی پر بات چیت کی گئی، اس کے بعد پارلیمانی انتخابات کے نتائج اور آنے والے اسمبلی انتخابات پر بھی غور وخوض کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے بعد ہوئی اس پہلی میٹنگ میں تمام پارٹیوں نے اسمبلی انتخابات متحدہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تعلق سے مزید میٹنگیں ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں لگتا ہے کہ رادھا کرشن ویکھے پاٹل کے ساتھ دیگر ایم ایل اے بی جے پی میں شمولیت اختیارکریں گے۔ جن ممبران اسمبلی نے پارٹی مخالف کام کیا ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔4
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر ایم ایل اے جینت پاٹل نے اس موقع پر کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کی ضمن میں ای وی ایم کے تعلق سے لوگوں کے میں شکوک وشبہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہااگھاڑی میں ونچت بہوجن اگھاڑی کوبھی شامل ہونا چاہئے، لیکن لو ک سبھا انتخابات کے موقع پر ان کے رویئے کو دیکھتے ہوئے مزید بات چیت نہیں ہوپائی ہے۔ مہاراشٹر نونرمان سینا کے تعلق سے جینت پاٹل نے کہا کہ منسے کو مہا اگھاڑی میں شامل کیا جائے یا نہیں؟ اس تعلق سے آج بات چیت نہیں ہوسکی ہے۔ اس میٹنگ میں کانگریس کے ریاستی صدراشوک چوہان، راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، راشٹروادی قانون ساز کونسل کے لیڈر ایم ایل اے اجیت پوار، سینئر لیڈر چھگن بھجبل، دھنن جئے منڈے، دلیپ ولسے پاٹل، وجئے ویڈیٹی وار، این سی پی کے قومی جنرل سکریٹری ممبر پارلیمنٹ سنیل تٹکرے، سماج وادی پارٹی کے لیڈر ابوعاصم اعظمی، یوتھ سوابھیمانی پارٹی کے ایم ایل اے روی رانا، ایم ایل اے حسن مشرف، ایم ایل اے بابا جانی درانی، شیتکری کامگارپکش کے ایم ایل اے جینت پاٹل، ایم ایل اے گنپت راو دیشمکھ، سی پی آئی اے کے پرکاش ریڈی، کانگریس کے لیڈر وسابق وزیر ایم ایل اے نسیم خان، ہیتندر ٹھاکور، شردرنپسے، ایم ایل اے جوگیندر کواڑے، راجندر گوئی، ایم ایل اے ہیمنت ٹکلے، انیکیت تٹکرے وغیرہ موجود تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading