تھانے میں مردم شماری کا آغاز، ڈیجیٹل نظام کے تحت عمل میں تیزی یکم مئی سے خود گنتی کی سہولت، شہریوں کو منفرد کوڈ جاری ہوگا

تھانے میں مردم شماری کا آغاز، ڈیجیٹل نظام کے تحت عمل میں تیزی
یکم مئی سے خود گنتی کی سہولت، شہریوں کو منفرد کوڈ جاری ہوگا

تھانے (آفتاب شیخ)

تھانے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں آئندہ مردم شماری کے پیش نظر انتظامیہ نے وسیع پیمانے پر تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ایڈیشنل کمشنر پرشانت روڈے کے مطابق فیلڈ ٹرینروں کی مرحلہ وار تربیت کے ساتھ ساتھ گھریلو مردم شماری کے پائلٹ نفاذ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جسے شہر کے مختلف وارڈوں میں منصوبہ بند طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں نو وارڈ کمیٹیوں کے تحت مجموعی طور پر 78 فیلڈ ٹرینر مقرر کیے گئے ہیں، جن میں سے 39 کو پہلے مرحلے میں تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ 6 اپریل سے 8 اپریل 2026 تک ماجیواڑا-مانپاڑا، اتھلسر، لوکمانیہ-ساورکر اور ورتک نگر وارڈوں میں صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک تربیتی سیشن منعقد ہوئے، جبکہ 9 اپریل سے 11 اپریل کے دوران واگلے، نوپاڑا-کوپری، کلوا، ممبرا اور دیوا علاقوں کے علاقائی ٹرینروں کو تربیت دی جا رہی ہے۔

اسی ضمن میں اتھلسر وارڈ کمیٹی میں پائلٹ بنیادوں پر مکانات کی فہرست بندی بھی انجام دی گئی، تاکہ مردم شماری کے دوران پیش آنے والی ممکنہ دشواریوں کا جائزہ لے کر عمل کو مزید سہل اور مؤثر بنایا جا سکے۔

تربیت کی تکمیل کے بعد علاقائی ٹرینرز اپنے اپنے وارڈوں میں شمار کنندگان اور سپروائزرز کو تفصیلی تربیت دیں گے، جس سے پورے عمل کی مؤثر تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اس سال مردم شماری مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جائے گی، جس میں گھرانوں کی معلومات HLO ایپ کے ذریعے درج کی جائیں گی۔ اس ایپ کے تحت گھروں سے متعلق 33 سوالات ریکارڈ کیے جائیں گے، جن میں ملکیت، مالک کا نام، گھر کی نوعیت اور دستیاب سہولیات جیسے ٹی وی، فریج، واشنگ مشین اور موبائل فون وغیرہ شامل ہیں۔

شہریوں کی سہولت کے پیش نظر یکم مئی سے 15 مئی تک خود گنتی (سیلف انیومریشن) کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس کے تحت شہری مردم شماری پورٹل پر لاگ ان ہو کر اپنی معلومات درج کر سکیں گے۔ معلومات جمع کرنے کے بعد ہر شہری کو ایک منفرد کوڈ جاری کیا جائے گا، جسے وہ اپنے گھر آنے والے شمار کنندہ کو فراہم کرے گا۔

اس کے بعد مردم شماری کا اگلا مرحلہ 16 مئی سے شروع ہوگا، جس میں شمار کنندگان گھروں کا دورہ کر کے معلومات کی تصدیق اور تکمیل کریں گے۔ تھانے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ مردم شماری کے اسسٹنٹ کمشنر و نوڈل آفیسر سچن بورسے نے یقین ظاہر کیا ہے کہ شہریوں کے تعاون سے یہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور اس عمل کو مزید شفاف، درست اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنایا جائے گا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading