مودی حکومت کی ناکامیوں بے نقاب کرنے کیلئے ایس ڈی پی آئی ملک گیر مہم چلائے گی۔ ایم کے فیضی

منگلور،27ستمبر(پی ایس آئی)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ایم کے فیضی نے منگلور شہر میں منعقد ایک تقریب میں پارٹی کارکنان اور لیڈران سے ملاقات کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات 2019سے قبل ملک کی سیکولر پارٹیوںکا متحد ہونا نہایت ضروری ہے تاکہ عوام مخالف مرکزی بی جے پی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کیا جاسکے۔ ایم کے فیضی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے عوام مخالف پالیسیوں اور فرقہ وارانہ سیاست کے خلاف ایس ڈی پی آئی شروع دن سے ہی لڑائی لڑ تی آرہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ایم کے فیضی نے کہا کہ مودی کی کابینہ نے ایک آرڈیننس کے ذریعے تین طلاق پر ایک سیاہ قانون نافذ کیا ہے۔آرڈیننس سے مسلمانوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ الٹا مسلمانوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے کیلئے اس قانون کا استعمال ہوگا۔ ایم کے فیضی نے کہا کہ اگر بی جے پی حکومت واقعی میں مسلم خواتین کے تئیں فکر مند ہے تو کیوںوہ مسلم خواتین کوتعلیم اور روزگار فراہم کرکے انہیں بااختیار نہیں بنارہی ہے؟۔ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے کہا کہ پارٹی مہا گٹھ بندھن میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے تاکہ سیکولر محاذکو مضبوط بنایا جاسکے اور بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے اس تعلق سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن پارٹی کانگریس اور سی پی( ایم ا)ور دیگر سیکولر جماعتوں سے اتحاد کی خواہش مند ہے۔ پارٹی قومی صدر ایم کے فیضی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی قیادت والی مرکزی بی جے پی حکومت اور دیگر ریاستوں کی بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے ایس ڈی پی آئی ایک ملک گیر مہم چلائے گی۔پریس کانفرنس میں ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد، قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع،قومی سکریٹری الفانسو فرانکو،قومی سکریٹریٹ رکن عبدالحنان،کرناٹک ریاستی صدر الیاس محمد اور دکشن کننڈا ضلعی صدر عطااللہ جوکٹے موجود رہے۔

Leave a comment