Revised: NCP Urdu News 5 March 21

اسکل ڈیولپمنٹ وروزگار کی معلومات فراہم کرنے والا’کوشلیہ وکاس رتھ‘

محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر نواب ملک کے ہاتھوں ۷ رتھوں کا افتتاح

ممبئی: مرکزی وریاستی حکومتوں کے ذریعہ نافذ کی جانے والی اسکل ڈیولپمنٹ کے پروگرام ومنصوبوں کی معلومات فراہم کرنے، ان سے مستفیض ہونے کے طریقے نیز ریاستی حکومت کے’مہاسویم پورٹل‘ کے ذریعے روزگار کے حصول جیسے کئی انتظامی معلومات فراہم کرنے لیے ریاست کے355تعلقہ جات میں فوامی بیداری پیدا کرنے کے لیے ’اسکل ڈیولپمنٹ رتھ‘ شروع کیا گیا ہے، جس کا افتتاح آج یہاں محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر نواب ملک کے ہاتھوں ہوا۔ اس رتھ کے ذریعے نہ صرف حکومتی اسکیموں کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی بلکہ روزگار کے متلاشی نوجوانوں کو بھی روزگار کی حصولیابی کے لیے رہنمائی کی جائے گی۔

’سوچ‘ ملٹی پرپز سوسائٹی اور مہاراشٹر اسٹیٹ اسکل ڈیولپمنٹ محکمہ کے ذریعے یہ رتھ شروع کیا گیا ہے، جس کی افتتاحی تقریب ایلفسٹن ٹیکنیکل کالج کے احاطے میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ’اسکل ٹو لائیولی ہُڈ کارنیوال‘ نامی پروگرام کی بھی شروعات کی گئی۔ اس افتتاحی تقریب میں محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسردیپندر سنگھ کشواہ، ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو آفیسر روی پاٹل، سوچ ملٹی پرپز سوسائٹی کے سکریٹری پلوی گانگورڈے، چیف ایگزیکٹیو آفیسر وی نامدیو وغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر نواب ملک نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ وروزگار کی فراہمی کے لیے جو بھی ادارے واین جی اوز کام کررہی ہیں انہیں حکومت کی جانب سے مکمل مدد فراہم کی جائے گی کیونکہ یہ حکومت کے ہی منصوبے کے تحت کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوچ ملٹی پرپز سوسائٹی نے یہ اسکل ڈیولپمنٹ رتھ کا جو پروگرام شروع کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف اسکل کی تربیت دینے سے مقصد حاصل نہیں ہوگا بلکہ اس کے بعد انہیں روزگار بھی فراہم کرنا ضروری ہے۔ ریاستی حکومت کے اسکل ڈیولپمنٹ محکمہ کی جانب سے اس کے لیے مختلف اسکیمیں موثر طریقے سے جاری ہیں۔

نواب ملک نے کہا کہ گزشتہ سال کورونا بحران کے باوجود 1 لاکھ 99 ہزار بے روزگار افراد کو روزگار میلے اور مہاسویم ویب پورٹل کے ذریعے روزگار فراہم کیا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام کا نفاذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے سی ایس آر سے بھی کافی مدد مل رہی ہے اور سوچ ملٹی پرپز سوسائٹی جیسی مختلف این جی اوز بھی تعاون کر رہی ہیں۔ نواب ملک نے کہا کہ حکومت سی ایس آر اور این جی اوز کے ذریعے نافذ کردہ اس طرح کے تمام اقدامات میں مکمل مدد دے گی۔ریاست میں اسکل ڈیولپمنٹ کے لئے 2500 سے زیادہ مختلف کورسز چلائے جارہے ہیں۔ ہر نوجوان کو ہنرمند بنانے اور پھر اسے مناسب روزگار فراہم کرنے کے لئے محکمہ نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ اب اس میں سوچ ملٹیپرپز سوسائٹی جیسی این جی اوز بھی آگے آرہی ہیں۔ اسکل ڈیولپمنٹ کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر دیپندر سنگھ کشواہا نے کہا کہ این جی اوز کے ذریعے محکمہ کے تمام منصوبے کامیابی کے ساتھ نافذ کیے جائیں گے۔ یہ تنظیم قومی سطح پر روزگار سے متعلق مختلف اسکیموں کا نفاذ کررہی ہے۔ سوچ ملٹی پرپز سوسائٹی کی سکریٹری پلوی گانگورڈے نے کہا کہ ریاست کے ہر تعلقہ میں اسکلپ ڈویلپمنٹ رتھ کے ذریعہ بیداری پیدا کی جائے گی۔اس کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں سے ذاتی طور سے ملاقات کرکے انہیں ان کی ضرورت کے مطابق مدد فراہم کی جائے گی۔