بابری مسجد کی شہادت کے بارے میں وزیراعلیٰ کا بیان افسوسناک: نسیم خان
ممبئی: رواں اسمبلی اجلاس میں وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کے ذریعے بابری مسجد کی شہادت کے بارے میں دیے گئے بیان کوآج یہاں ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر وسابق وزیر نسیم خان نے افسوسناک بتاتے ہوئے تلقین کی ہے کہ وزیراعلی کو اس طرح کے بیانات سے اجتناب برتنا چاہیے۔ نسیم خان نے یہ باتیں یہاں میڈیا کے نمائندوں کے ذریعے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہی ہیں۔
نسیم خان نے کہا کہ ریاستی حکومت صرف شیوسینا کی نہیں ہے بلکہ اس میں کانگریس واین سی پی بھی شامل ہیں اور حکومت کا قیام کامن مینمم پروگرام کے تحت عمل میں آیا ہے۔ ایسے میں حکومت کے سربراہ کا یہ بیان کہ ہمیں بابری مسجد کی شہادت پر فخر ہے، نہ صرف افسوسناک بلکہ قابلِ مذمت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت سیکولرازم کی بنیادوں پر قائم ہے، اس میں مسجد ومندر کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ یہ حکومت ریاست کے تمام طبقات کی فلاح وبہبود کے لیے وجود میں آئی ہے اور حکومت کو اپنی توجہ انہیں امور پر مرکوز رکھنی چاہیے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا کانگریس پارٹی وزیراعلیٰ کے اس بیان پر اپنا اعتراض درج کرائے گی؟ نسیم خان نے کہا کہ اگر پارٹی کو اعتراض نہ ہوتا تو میں یہ باتیں نہ کہتا۔ کانگریس پارٹی تمام طبقات کو ساتھ میں لے کر چلنے والی پارٹی ہے۔ کسی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا کانگریس پارٹی کا شیوہ نہیں ہے۔ ہم پارٹی کی سطح پر اور ذاتی سطح پر بھی وزیراعلیٰ کے اس بیان کی مذمت کرتے ہیں اور اسے افسوسناک قرار دیتے ہیں۔ نسیم خان نے کہا کہ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے سربراہ ہونے کی بناء پر ہم وزیراعلیٰ سے یہ امید کرتے ہیں کہ وہ حکومت کے قیام کے مقاصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے آئندہ اس طرح کے بیانات سے گریز کریں گے جو کسی بھی طبقے کی دل آزاری کا سبب بنیں۔