ممبئی:17ستمبر ۔(راست) بڑھتی مہنگائی کی مار جھیل رہی عوام کو راحت دلانے کے لئے ممبئی کانگریس کے ایم ایل اے اورسابق کابینی وزیر محمد عارف نسیم خان نے ریاست کے وزیراعلیٰ دیوندر فڈنویس کو مکتوب روانہ کرکے پٹرول وڈیڑل کی قیمتوں میں ریاستی ٹیکس کم کرکے ان کی قیمتوں میں کم ازکم10روپئے کی تخفیف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیشِ نظر راجستھان حکومت نے گزشتہ ہفتے ریاستی ٹیکس کو کم کرکے پٹرول کی قیمت میں دو روپئے کم کیا ہے۔ جبکہ آج کرناٹک حکومت نے بھی پٹرول وڈیڑل پر اپنے ریاستی ٹیکس کو کم کردیا ہے جس سے عوام کو دورپئے فی لیٹر کی راحت مل گئی ہے۔ نسیم خان نے اپنے مکتوب میں حکومت سےاپیل کی ہے کہ حکومت جلد ازجلد جی ایس ٹی کاونسل سے مل کر پٹرول وڈیڑل کوجی ایس ٹی کے تحت لانے کی سفارش کرے جس سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچھی خاصی کمی آسکتی ہے۔ نسیم خان نے کہا ہے کہ کانگریس سمیت ملک کی کئی سیاسی پارٹیاں و سماجی تنظیمیں پٹرولیم مصنوعات کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے کا مطالبہ کررہی ہیں جس سے پٹرول وڈیڑل کی قیمتوں میں 20 سے 25 روپئے فی لیٹر کی کمی آسکتی ہے۔ اس کمی سے مہنگائی سے پریشان عوام کو کافی راحت مل جائے گی۔ واضح رہے کہ پٹرول وڈیڑل کے روز بہ روز بڑھتی قیمتوں سے مہاراشٹر میں پٹرول تقریباً 92روپئے فی لیٹر اور ڈیڑل 80 روپئے کے قریب فروخت ہورہا ہے۔ اس بڑھتی قیمتوں سے مہاراشٹر کی عوام کافی پریشان ہے، لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔