پٹنہ ۔ 11 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تحفظات کے خلاف احتجاج کرنے والے ایک طالب علم نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر اپنی سینڈل ( چپل ) پھینکی ۔ یہ واقعہ آج پیش آیا تاہم اس طالب علم کا نشانہ چوک گیا اور چپل کچھ میٹر دور جاگری ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ تفصیلات کے بموجب چیف منسٹر نتیش کمار اپنے کچھ سینئر وزرا کے ساتھ باپو سبھ گر میں ایک عوامی تقریب میں شریک تھے کہ چندن کمار تیواری نام نوجوان نے ان پر چپل پھینکی ۔ تیواری کو فوری پولیس نے حراست میں لے لیا تاہم اس سے قبل جنتادل یو کے کچھ ورکرس اس پر چڑھ دوڑے اور اسے شدید زد و کوب کیا ۔ تیواری نے میڈیا کو بتایا کہ وہ تحفظات کے خلاف احتجاج کر رہا تھا اور اس کا احتجاج بہار کی نتیش کمار زیر قیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف بھی تھا ۔