ممبئی: بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کے یوم پیدائش کے موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے برہان پور (بارامتی)میں پولیس سب ہیڈ کوارٹر میں ان کی تصویروں پر گلہائے عقیدت نچھاور کرتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے ستیہ گرہ، عدم تشدد کے ذریعے ملک کو آزادی دلائی۔ انہوں نے معاشرے کے کمزور، محروم اور پسماندہ افراد کے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے سکھایا کہ انسانیت کی فلاح کائنات کی فلاح ہے۔ ان کا ماننا تھا کہ ملک تب ہی خود کفیل ہو گا جب گاؤں خود کفیل ہو جائیں گے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے مہاتما گاندھی صرف ایک شخص نہیں ہیں بلکہ انسانی فلاح و بہبود اور عالمگیر فلاح کے لازوال تصور ہیں۔
نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے سابق وزیراعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شاستری جی نے ملک کو ’جئے جوان،جئے کسان‘ کا نعرہ دیا تھا۔ اس نعرے کی آج بھی ضرورت ہے اور یہی نعرہ ملک کو مضبوط بنائے گا۔ شاستری جی کو ملک کے کسانوں اور فوجیوں سے بہت ہمدردی تھی۔ وہ ایک ایسے وزیراعظم تھے جو عام آدمی کی حالت زار کو سمجھتے تھے۔ وہ نامساعد حالات میں تعلیم حاصل کر کے وزارت عظمیٰ کے عہدے تک پہنچے تھے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد بھی انہوں نے زندگی کے آخر تک سادہ زندگی گزاری۔ اجیت پوار نے کہا کہ شاستری جی ہم وطنوں کے لیے نرم تھے تو ملک کے دشمنوں کے لیے نہایت سخت تھے۔ملک کے ایک مضبوط وزیر اعظم کے طور پر ان کی زندگی نوجوانوں اور آنے والی نسل کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔
