جے پی سی میں حکمراں جماعت کے ارکان اگر زیادہ ہونگے تو شک پیدا ہونا لازمی ہے
جے پی سی کے بجائے سپریم کورٹ کی کمیٹی زیادہ بہتر اور مفید ہوسکتا ہے: شردپوار
ممبئی:جے پی سی میں اگر 21لوگ ہونگے تو اس میں سے15/لوگ حکمراں جماعت بی جے پی کے ہونگے اور صرف 6سے7لوگ اپوزیشن جماعتوں کے ہونگے۔ اگر کمیٹی میں اپوزیشن کے لوگ کم اور حکمراں جماعت کے لوگ زیادہ ہونگے تو اس کامطلب یہ ہوگا کہ تفتیش ٹھیک طور سے نہیں ہوسکے گی اور شک وشبہہ پیدا ہوگا۔ اس لیے جے پی سی کے بجائے سپریم کورٹ کی کمیٹی کے ذریعے اگر جانچ کرائی جائے تو یہ زیادہ بہتر اور مفید ہوگا۔ یہ باتیں آج یہاں این سی پی کے قومی صدر شردپوار نے کہی ہیں۔وہ اپنی رہائش گاہ سلوراوک پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے پی سی کیوں مناسب نہیں ہے؟ اس پر اپنے موقف کا اظہار کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جے پی سی کے بجائے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ ججوں اور دیگر پر مشتمل ایک کمیٹی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ سپریم کورٹ نے جانچ کی مدت کے حوالے سے بھی ہدایات دی ہیں۔میں جے پی سی کی براہ راست مخالفت نہیں کرتا لیکن اس سے قبل کچھ جے پی سی کمیٹیوں کا میں چیئرمین تھااور اس تجربے کی بنیاد پر یہ کہتا ہوں کہ جے پی سی کا اکثریت کی بنیاد پر غلط استعمال کیا جاسکتا ہے۔شردپوار نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ ہندنبرگ کون ہے،میں نے اس کی رپورٹ اخبار میں پڑھی تھی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بیرون ملک کی ایک کمپنی اس ملک کی صورتحال پر موقف اختیار کرتی ہے وہ کتنی مناسب ہے؟ شرد پوار نے یہ بھی کہا کہ اگر اس ملک کی سپریم کورٹ کوئی موقف ظاہر کرتا ہے تو یہ بیرونِ ملک کے کسی ادارے کی بہ نسبت زیادہ قابلِ اعتماد ہوگا۔
شردپوار نے کہا کہ میں اپوزیشن پارٹی کی رائے کا احترام کرتا ہوں،میں انہیں اپنی رائے بھی بتاؤں گا لیکن جب کوئی بحث ہوگی تو میں اس پر بات کروں گا۔18-19 اپوزیشن پارٹیاں اکٹھی ہوئیں لیکن اس پارٹیوں کے لوگوں کو اس جے پی سی میں موقع نہیں ملے گا۔ کیونکہ جن کا نمبر ایک دو ہے انہیں موقع نہیں ملے گا۔ شرد پوار نے یہ بھی کہا کہ صرف چند لوگوں کو ہی موقع ملے گا۔سچ پوچھیں تو میرے پاس 20 ہزار کروڑ وغیرہ کے اعداد و شمار نہیں ہیں۔ میں اس بارے میں معلومات کے ساتھ بات کروں گا۔ کسی چیز کے بارے میں بات کرنے کے لیے، مجھے اس کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے۔ جب بہت سی جماعتیں اکٹھی ہو رہی ہوں تو کچھ معاملات پر اختلاف رائے ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر جب کھرے کے گھر میٹنگ ہوئی تو ساورکر کا موضوع آیا۔ اس وقت انہوں نے اس میٹنگ میں ساورکر کے بارے میں اپنا موقف پیش کیا تھا۔ بحث ہوئی لیکن پھر موضوع ختم ہوگیا۔