شرد پوار کی رائے کچھ بھی ہو، اڈانی گھوٹالے کی تحقیقات صرف جے پی سی سے ہی ہونی چاہئے: نانا پٹولے
اڈانی گھوٹالے پر وزیر اعظم نریندر مودی اب تک خاموش کیوں ہیں؟
اڈانی انڈسٹری میں 20 ہزار کروڑ روپے کس کے؟ عوام کو جاننے کا حق ہے
ممبئی:ڈانی گروپ آف انڈسٹریز میں شیل کمپنیوں کے ذریعے 20ہزار کروڑ روپے کہاں سے آئے اور یہ کس کے پیسے ہیں؟ملک کے عوام کو یہ جاننے کا حق ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت سے جواب مانگتے ہوئے پورے معاملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی(جے پی سی) کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس پارٹی سمیت ملک کی مختلف سیاسی پارٹیوں نے اس پر اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ اس معاملے پر این سی پی کے صدر شرد پوار کی رائے سے قطع نظر، اڈانی گھوٹالے کی حقیقت جاننے کے لیے جے پی سی کے ذریعے ہی جانچ ہونی چاہیے۔
پٹولے نے کہا کہ جے پی سی میں اگرچہ حکمراں پارٹی کے ارکان کی تعداد زیادہ ہے لیکن دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان بھی اس کمیٹی میں شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی گھوٹالے کی سچائی کو سامنے لانے کے لیے جے پی سی کے ذریعے انکوائری ضروری ہے۔ ناناپٹولے نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دوران کوئلہ گھوٹالے کے الزامات کے بعد کورٹ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی لیکن اپوزیشن کے مطالبے پر ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔ اڈانی گھوٹالے پر بھلے ہی شرد پوار کی رائے مختلف ہو، لیکن کانگریس جے پی سی کے ذریعے جانچ کرائے جانے کے اپنے موقف پر قائم ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر پٹولے نے کہا کہ ایل آئی سی، اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور پی ایف کو مودی حکومت نے اڈانی گروپ میں غیر قانونی طور پر سرمایہ کاری کرنے پر مجبور کیا ہے۔ ہندن برگ کی رپورٹ نے اڈانی گروپ کی بدعنوانی کو بے نقاب کیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اب اڈانی کی کمپنی میں عام لوگوں کا پیسہ محفوظ ہے؟ پٹولے نے پوچھا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اڈانی گھوٹالے کے سنگین سوال پر خاموشی کیوں اختیار کر رکھی ہے؟ وہ اس بارے میں بات کیوں نہیں کر رہے ہیں؟ اگر کوئی گھوٹالہ نہیں ہے تو مودی حکومت کو گھبرانے کی کیا ضرورت ہے؟