نیلیش رانے کے ساتھ بی جے پی علانیہ معافی مانگے:

  1. این سی پی کا کل جیل بھرو احتجاج، نیلیش رانے کو 24گھنٹے کا الٹی میٹم

ممبئی:نیلیش رانے کے ذریعے کیے گئے ٹوویٹ سے کیا نرائن رانے متفق ہیں؟کیا نائب وزیراعلیٰ دیوندرفڈنویس اس ٹویٹ سے اتفاق کرتے ہیں؟ کیا بی جے پی اس ٹویٹ سے متفق ہے؟ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے کووضاحت دینی چاہئے کہ اس ٹویٹ کے بارے میں ان کا کیا موقف ہے۔ اگر یہ ٹویٹ قابل قبول نہیں ہے تونیلیش رانے کے ساتھ بی جے پی مہاراشٹر این سی پی سے علانیہ معافی مانگے۔ یہ مطالبہ این سی پی کے ریاستی چیف ترجمان مہیش تپاسے نے ایک پریس کانفرنس میں کیا ہے۔

اس موقع پر مہیش تپاسے نے نیلیش رانے کو ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے کے لیے 24گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل (آج) گیارہ بجے رمابائی امبیڈکر پولیس اسٹیشن میں این سی پی ممبئی کے کارگزار صدر نریندررانے وراکھی جادھو کی قیادت میں جیل بھرواحتجاج کیا جائے گا۔ مہیش تپاسے نے کہا کہ نیلیش رانے نے جو ٹویٹ کیا ہے وہ این سی پی کے کارکنوں کو برہم کرنے والا ہے۔ رانے یہ ٹویٹ رات میں کیا ہے یا صبح کیاہے اس بارے میں بھی معلوم کیے

جانے کی ضرورت ہے۔ تپاسے نے کہا کہ آپ کے ہاسپٹل کے افتتاح کے لیے پوارصاحب کو مدعو کیا گیا تھا، یعنی کہ نارائن رانے پوار صاحب کو مانتے ہیں۔وزیراعظم مودی پوارصاحب کو اپنے استاد کا درجہ دیتے ہیں، ایسے میں پوار صاحب کو اورنگ زیب کہنا کتنا درست ہے؟ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نیلیش رانے کو ٹویٹ ڈیلیٹ کریں اور اپنابیان بیان واپس لیتے ہوئے اپنی اس حرکت پر عوامی سطح پر معافی مانگیں۔ تپاسے نے پولیس محکمہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوموٹو کے تحت اس معاملے میں نلیش رانے کے خلاف مقدمہ درج کریں۔تپاسے نے کہا کہ ہمارے باپ کے درجے کے لیڈر کو اگر اورنگ زیب کہاجائے گا تو ہم برداشت نہیں کریں گے۔

مہیش تپاسے نے کہا کہ نیلیش رانے جیسے لوگ جن کی کوئی حیثیت نہیں ہے، وہ 56سالہ سیاسی تجربہ رکھنے والے پوارصاحب کا موازنہ اورنگ زیب سے کرتے ہیں لیکن اس پر بی جے پی کے لوگ خاموش ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر نیلیش رانے خود کوسمجھتے کیا ہیں؟انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں مذہبی منافرت پھیلاکر اپنی گندی سیاست کرنا چاہتی ہے۔بی جے پی، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس اس واقعہ کا نوٹس لیں اور نیلیش رانے کو ٹوئٹ کو حذف کرنے پر مجبور کریں اور وضاحت کریں کہ بی جے پی نیلیش رانے کے بارے میں کیا موقف اختیار کرے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading