بلقیس بانو کے مجرمین کی سرکاری پروگرام میں اسٹیج پرموجودگی افسوسناک ہے: تپاسے
اگرپارلیمنٹ کی رکنیت فوری طور پر منسوخ ہوتی ہے تو پھر شندے گروپ کے ایم ایل اے مہندردلوی پر کب کارروائی ہوگی؟
ممبئی:بلقیس بانو کے مجرمین کی سرکاری پروگرام میں اسٹیج پر موجودگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے این سی پی کے ریاستی ترجمان مہیش تپاسے نے کہا ہے کہ ان مجرمین کو گجرات حکومت نے سرکاری عوامی پروگرام میں اسٹیج پر بٹھاکر جو پیغام دیا ہے اس نے گجرات حکومت کی قانون کی پاسداری کی قلعی اتاردی ہے۔ ہم اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ہم قانون پر یقین رکھتے ہیں اور حکومت سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ ایسے افراد کو عوامی زندگی میں نہ لایا جائے لیکن گجرات حکومت میں جو سیاست چل رہی ہے، اس نے اس کی فرقہ پرستانہ ذہنیت کو پوری طرح اجاگر کردیا ہے۔مہیش تپاسے نے این سی پی کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
تپاسے نے بلقیس بانومجرمین کے ساتھ گجرات حکومت کے رویے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات حکومت اپنی اس حرکت کے ذریعے یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ اس کے نزدیک پولرائزیشن کی سیاست ہی سب سے اہم، وہ نہ اخلاقیات سمجھتی ہے اور نہ ہی ملک کی روایت کا اسے کوئی لحاظ ہے۔ گجرات حکومت کو کم ازکم کچھ تو حساسیت دکھانی چاہئے تھی۔مہیش تپاسے نے کہا کہ این سی پی مہاراشٹر کے لوگوں کے ساتھ ہے۔ اسمبلی اجلاس کے خاتمے کے ساتھ ہی این سی پی کے لیڈر اپنے اپنے علاقوں میں کسانوں کے مسائل کو حل کرنے میں جٹ گئے ہیں۔ اجلاس کے اختتام کے دوسرے روز ہی این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل چار روزہ شمالی مہاراشٹر کے دورے پر گئے اور اپوزیشن لیڈر اجیت پوار لوگوں کے مسائل سننے کے لیے مراٹھواڑہ پہنچ گئے۔تپاسے نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن لیڈر اجیت پوار مہاراشٹر کے سامنے یہ تصویر لائے ہیں کہ وزیر سے بجٹ اجلاس میں عام لوگوں کے سوالوں کا جواب دینے کی امید تھی لیکن وزیر جواب دیتے وقت غیر حاضر رہے۔انہوں نے یہ بھی اطلاع دی کہ 2 اپریل 2023 کو مہاوکاس اگھاڑی کا جلسہ عام چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقد ہو رہا ہے اور این سی پی کے تمام عہدیدار اسے کامیاب بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور میٹنگ میں این سی پی کارکنوں کی نمایاں موجودگی ہوگی۔محترم شرد پوار صاحب بدھ 29 مارچ 2023 کو شام پانچ بجے چیمبور ممبئی میں این سی پی یوتھ ونگ کی جانب سے ’یووا منتھن‘ نامی پروگرام میں شرکت کریں گے۔پوار صاحب اس پروگرام میں ممبئی کے آنے والے میونسپل انتخابات کی رہنمائی کریں گے جس کی قیادت ممبئی یوتھ صدر نیلیش بھوسلے کریں گے۔
تپاسے نے کہا کہ این سی پی کے لکشدیپ سے ایم پی محمد فیصل کی رکنیت کی منسوخی کے بعد سپریم کورٹ کل سے سماعت شروع ہونے جا رہی ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی رکنیت بھی لوک سبھا کے اسپیکر نے عوامی نمائندہ قانون کی بنیاد پر منسوخ کر دیا ہے۔لیکن شندے گروپ کے ایم ایل اے مہندر دلوی کو علی باغ کی عدالت نے دو سال کی سزا سنائی تھی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس قانون کی بنیاد پر ان کی اسمبلی کی رکنیت کیوں منسوخ نہیں کی جارہی ہے؟اس پریس کانفرنس میں قومی ترجمان کلائیڈ کرسٹو، ریاستی ترجمان سنجے تاٹکرے، ممبئی کے ورکنگ صدر نریندر رانے، راکھی جادھو، ممبئی یوتھ صدر نیلیش بھوسلے وغیرہ موجود تھے۔