مودی کے دور حکومت میں بڑھتی ذات پات اور مذہبی تفریق پریشان کن: مہیش تپاسے
ممبئی:مظفر نگر میں ایک ٹیچر کے ذریعے دوسرے طلباء کو ایک مسلم لڑکے کو تھپڑ مارنے کی ہدایت دینے کے افسوسناک واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے این سی پی کے چیف ترجمان مہیش تپاسے نے اسے ملک کی ہم آہنگی اور بنیادی اقدار کے خلاف قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ واقعہ دل دہلا دینے والا ہے کہ سیاسی فائدے کے لیے سماج میں پھیلائی جانے والی ہندو مسلم نفرت اب تعلیمی اداروں تک پہنچ چکی ہے، جس کا شکار اب چھوٹے بچے ہونے لگے ہیں۔
مہیش تپاسے نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں اس طرح کے واقعات کا ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ جس جگہ رواداری وہم آہنگی سب سے بالاترہوناچاہئے وہاں مذہب کے نام پر نفرت کی پرورش کی جارہی ہے اور چھوٹے بچوں کو اس کا شکار بنایاجارہا ہے۔مظفرنگر میں جس ٹیچر نے یہ نفرت انگیز کام کیا ہے اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے بلکہ اس کے خلاف منافرت پھیلانے اور مذہب کی بنیاد پر بچوں کو تشدد پر آمادہ کرنے کا دوہرا مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔ تپاسے نے کہا کہ این سی پی سیکولرازم اور اتحاد کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور ہمارا پختہ یقین ہے کہ ذات پات، مذہب یا نسل کی بنیاد پر تفریق یا نفرت کو فروغ دینے والی کارروائیوں کی ہماری متنوع اور ثقافتی سماج میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
این سی پی کے چیف ترجمان نے یہ بھی کہا کہ این سی پی ایسے واقعات کی بنیاد پر سماج میں مذہبی اور نسلی منافرت کے خطرناک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتی ہے جو مودی حکومت کے تحت ذات پات اور نسلی خطوط پر بڑھتی ہوئی تقسیم کی نشاندہی کرتی ہے۔ ان تفرقہ انگیز قوتوں کی وجہ سے ہمارے سماجی تانے بانے کو اب اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔این سی پی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں اور پورے معاشرے میں ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کرے۔ تپاسے نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہمارے تعلیمی ادارے ایک ایسے ماحول کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں جو متنوع پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء میں رواداری، ہمدردی اور اتحاد کو فروغ دیتا ہے۔
